بارش

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری

مظفر آباد: نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NDMA) نے 6 سے 11 مارچ 2026 کے دوران ملک بھر کے لیے موسم کی نئی ایڈوائزری جاری کر دی ہے جس کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل برسنے کا امکان ہے۔

الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع بشمول مظفرآباد، نیلم، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی اور پونچھ میں 6 سے 11 مارچ کے دوران جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان کے علاقوں استور، گلگت، اسکردو، دیامر، غذر، ہنزہ اور نگر میں بھی کچھ مقامات پر بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان

خیبر پختونخواہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 11 مارچ تک زیادہ تر علاقے خشک رہیں گے اور گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا، تاہم چترال، دیر، ہری پور، سوات، پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور صوابی سمیت کئی اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان برقرار ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے، البتہ 9 سے 11 مارچ کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور میانوالی پر مشتمل خطہ پوٹھوہار میں آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

بلوچستان کے شمالی علاقوں کوئٹہ، ژوب، زیارت اور قلات میں 7 سے 9 مارچ کے درمیان ابر آلود موسم اور ہلکی بارش متوقع ہے جبکہ صوبے کے باقی حصوں اور سندھ بھر میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے اور خشک موسم کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی فصلوں کی مؤثر آبپاشی کا بروقت انتظام یقینی بنائیں۔

مزید پڑھیں: رمضان المبارک میں گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان: پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش کی پیشگوئی

Scroll to Top