امکان

آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں کے لیے تازہ موسمی الرٹ جاری کر دیا ہے ۔

موسمیات کے محکمہ کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بعض علاقوں میں بارش جبکہ کچھ میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ بڑھ سکتا ہے۔ چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔

بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی یا درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے، جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں رہنے والے افراد کو لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پنجاب بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ،الرٹ جاری

۔ اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، مری اور گلیات میں بھی بارش متوقع ہے، جس میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے ۔

مری اور گلیات جانے والے سیاحوں کو موسم کی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ وہ کسی غیر متوقع حالات کا سامنا نہ کریں ۔

خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کا امکان ہے، جس سے شہریوں کو گرمی کے اثرات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی اقدامات کرنے چاہئیں ۔

سندھ اور بلوچستان میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے اور درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے، جس سے زیادہ دیر تک باہر رہنے والے افراد کو پانی زیادہ پینے اور دھوپ سے بچنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان، بھارت کی آبی دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے ، عاصم افتخار

محکمہ موسمیات نے تمام شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال پر نظر رکھیں اور موسم کے مطابق احتیاطی اقدامات اختیار کریں تاکہ کسی بھی غیر متوقع حادثے یا مشکل صورتحال سے بچا جا سکے ۔

Scroll to Top