مظفرآباد:فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے کم عمر صارفین خصوصا ًبچوں کی صحت کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے موثر کارروائی کرتے ہوئے کے کے فوڈز (KK FOODS) کی بغیر رجسٹرڈوکوالٹی رپورٹ نمکووسنیکس ضبط کرلئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عوامی صحت خصوصاً کم عمر صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے دارالحکومت مظفرآباد میں کارروائی کرتے ہوئے بغیر رجسٹریشن اور کوالٹی رپورٹ کے سپلائی کی جانے والی معروف برانڈ’’کے کے فوڈز‘‘کی نمکو اور اسنیکس سے بھرا ٹرک ضبط کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن: آزاد کشمیر کے داخلی راستوں پر ناکہ بندی، بھاری مقدار میں غیر معیاری اشیاء ضبط
فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ٹرک کو تحویل میں لیا۔ ضبط شدہ اشیاء کو سرکاری گودام منتقل کر کے سیل کر دیا گیا ہے۔
کارروائی فوڈ اتھارٹی ٹیم نے انجام دی جبکہ ٹیم میں اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسرز اور معاون عملہ شامل تھا۔
ابتدائی جانچ کے مطابق مذکورہ نمکو اور اسنیکس بغیر باقاعدہ رجسٹریشن اور مطلوبہ کوالٹی رپورٹ کے ڈویژن مظفرآباد میں عیدالفطر کے دوران سپلائی کے لیے لائے جا رہے تھے جو فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
ضبط شدہ مصنوعات کے نمونے حاصل کر کے مزید تجزیے کے لیے مستند لیبارٹری کو ارسال کر دیے گئے ہیں تاکہ مصنوعات کی کوالٹی، مینو فیکچرنگ و ایکسپائری تاریخ، لیبلنگ، اجزاء کی تفصیل اور حفظانِ صحت کے تقاضوں کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ عوام بالخصوص کم عمر صارفین کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غیر رجسٹرڈ یا غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی سپلائی کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد کے مشہورکبابوں میں استعمال ہونیوالی 40من’’ مشکوک چربی‘‘ پکڑی گئی
فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر معیاری یا مشکوک اشیائے خوردونوش کے حوالے سے شکایت درج کرانے کے لیے ہیلپ لائن 1280 پر فوری رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔




