ریاض: پرتگال کے بین الاقوامی فٹ بال اسٹار اور النصر کے کپتان و فارورڈ کرسٹیانو رونالڈو نے نیوم کے خلاف اپنی ٹیم کے آئندہ میچ کی تیاریوں میں بھرپور شرکت کر کے سعودی عرب چھوڑنے سے متعلق یورپی میڈیا کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔
سپورٹس ویب سائٹس کے مطابق، رونالڈو سعودی عرب سے کہیں نہیں گئے اور ان کی موجودگی نے تمام یورپی اخبارات کی رپورٹس کو غلط ثابت کر دیا ہے۔
النصر کلب کے آفیشل اکاؤنٹ نے ٹیم کی مشقوں کی تصاویر جاری کی ہیں جن میں کرسٹیانو رونالڈو اپنی ٹیم کے ساتھ مشقیں کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ سعودی روشن لیگ کی ٹاپ پوزیشن پر موجود النصر کی ٹیم آئندہ ہفتے نیوم کے خلاف میچ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سرفراز احمد پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر
گذشتہ چند گھنٹوں میں یورپی اخبارات نے متعدد رپورٹس شائع کیں جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کرسٹیانو رونالڈو خطے میں موجودہ حالات کی وجہ سے اپنے نجی طیارے پر سعودی عرب سے روانہ ہو گئے ہیں۔
پرتگالی اخبار ریکارڈ نے لکھا تھا کہ ریاض میں امریکی سفارت خانے پر حالیہ حملے کے بعد رونالڈو کا طیارہ ریاض سے روانہ ہو گیا۔ اسی طرح برطانوی اخبار ڈیلی میل نے شائع کیا کہ “کیا کرسٹیانو رونالڈو سعودی عرب سے فرار ہو گئے ہیں؟”
دوسری جانب ہسپانوی اخبار مارکا کے امریکی ایڈیشن نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے دوران رونالڈو کے ریاض سے میڈرڈ کے اچانک سفر پر تفصیلی رپورٹ شائع کی تھی۔
مزید پڑھیں: مشرقِ وسطیٰ کشیدگی: امریکی فوجی اڈوں پر حملوں میں 160 امریکی ہلاک، ایرانی فوج کا دعویٰ
واضح رہے کہ النصر کی ٹیم 61 پوائنٹس کے ساتھ سعودی لیگ میں پہلے نمبر پر ہے، جبکہ دوسرے نمبر پر موجود الاہلی سے 2 اور تیسرے نمبر پر موجود الہلال سے 3 پوائنٹس آگے ہے۔




