پاکستانی سائبر گروپس کا بھارت کو کرارا جواب؛ 3 کروڑ سبسکرائبرز والا بھارتی نیوز چینل ہیک، نشریات بند

اسلام آباد: پاکستان کے نیوز چینلز اور ویب سائٹس پر بھارت اور اسرائیل کے حالیہ سائبر حملوں کے بعد پاکستانی سائبر گروپس نے بھرپور جوابی کارروائی کی ہے۔ ایک بڑے اور منظم سائبر حملے میں 30 ملین (3 کروڑ) سے زائد سبسکرائبرز رکھنے والے بھارت کے ممتاز ٹیلی ویژن نیٹ ورک ’اے بی پی نیوز‘ (ABP News) کا یوٹیوب چینل ہیک کر لیا گیا ہے۔

نشریات میں خلل اور ہلا دینے والا پیغام:

رپورٹس کے مطابق ہیکرز نے چینل کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد اس کی معمول کی پروگرامنگ معطل کر دی اور وہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایک خصوصی ویڈیو اپ لوڈ کر دی۔ اس ویڈیو کے ساتھ پرو پاکستان نعرے اور پیغامات بھی نشر کیے گئے، جس نے بھارتی ناظرین اور میڈیا ماہرین کو حیرت زدہ کر دیا۔ محض یوٹیوب ہی نہیں بلکہ ’اے بی پی‘ کی لائیو نشریات کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں پاکستانی فوج کی حمایت پر مبنی مواد اور فوجی ٹینکوں و بکتر بند گاڑیوں کے ویژولز مختصر وقت کے لیے چلائے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: جیو نیوز کی نشریات کو مسلسل رکاوٹ کا سامنا ہے، نشر کیے گئےپیغام سے انتظامیہ کا اعلانِ لاتعلقی

انتقامی کارروائی اور سوشل میڈیا پر ردِعمل:

میڈیا رپورٹس میں اس اقدام کو پاکستانی میڈیا ہاؤسز پر ہونے والے حملوں کا ’انتقام‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ ہیکرز نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘ والا کلپ اور ان کا پرجوش خطاب بھارتی فیڈ پر نشر کیا۔ سوشل میڈیا بالخصوص ’ایکس‘ پر اس کارروائی کے اسکرین شاٹس گردش کر رہے ہیں جہاں پاکستانی صارفین اسے اپنی سائبر قابلیت کا ثبوت قرار دیتے ہوئے جشن منا رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’ہم پاکستانی ہیں، ہمیں کبھی کم نہ سمجھیں‘۔

سائبر سیکیورٹی اور ماہرین کی آراء:

اے بی پی نیوز، جو بھارت کا ایک سرکردہ ہندی زبان کا براڈکاسٹر ہے، اس کی ٹیم نے کچھ دیر بعد چینل کا کنٹرول حاصل کر کے غیر مجاز مواد کو ہٹا دیا، تاہم انتظامیہ نے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔ سائبر سیکیورٹی ماہرین کے مطابق یہ واقعہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک نئے ڈیجیٹل محاذ کی نشاندہی کرتا ہے، جہاں روایتی دشمنی اب سائبر اسپیس میں منتقل ہو چکی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی صرف بھارتی میڈیا کا چہرہ بگاڑنے تک محدود نہیں بلکہ یہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی سائبر صلاحیتوں کا ایک واضح پیغام ہے۔