گلگت: مرکزی انجمن امامیہ گلگت بلتستان کی جانب سے ایک اہم اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں ایران پر ہونے والے حالیہ حملوں اور رہبرِ اعلیٰ کی شہادت پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں امریکہ کو “شیطانِ بزرگ” اور اسرائیل کو ایک “ناجائز ریاست” قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل دیا گیا ہے۔
شہادت پر تعزیت اور احتجاج کی کال:
مرکزی انجمن امامیہ نے دنیا بھر کے حریت پسند مسلمانوں کے دل کی دھڑکن اور نائبِ امام حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر حضرت قائمِ آلِ محمدؐ کی خدمت میں تعزیت پیش کی ہے۔ اس عظیم سانحے کے خلاف مرکز سے یہ اعلان کیا گیا ہے کہ تمام مومنین آج بعد از نمازِ ظہرین مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت سے نکلنے والی احتجاجی ریلی میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ میں اسرائیلی حملے کے خلاف بھرپور حمایت پر ایران کا پاکستان سے خصوصی اظہارِ تشکر
علاقائی سطح پر احتجاج اور لائحہ عمل:
اعلامیے میں ان مومنین کے لیے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں جو کسی وجہ سے گلگت نہیں پہنچ سکتے۔ ایسے تمام افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں بعد از نمازِ ظہرین پرامن احتجاج ریکارڈ کروائیں جبکہ مستقبل کے حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان مرکزی قائدین کی جانب سے جلد کیا جائے گا۔
نظم و ضبط اور قانون کی پاسداری:
ترجمان مرکزی انجمن امامیہ نے تمام شرکاء سے خصوصی گزارش کی ہے کہ وہ احتجاجی مظاہروں کے دوران نظم و ضبط کا خاص خیال رکھیں۔ اعلامیے میں زور دیا گیا ہے کہ تمام شرکاء اتحاد، تنظیم اور قانون کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنائیں اور اپنے جذبات کا اظہار مکمل طور پر پرامن انداز میں کریں تاکہ کسی بھی قسم کی بدمزگی سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب امام جمعہ و جماعت سکردو علامہ شیخ حسن جعفری نے رہبرِ معظم کی شہادت پر سکردو اور ملک بھر کے شیعہ و سنی نوجوانوں کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اس عظیم سانحے پر پوری امتِ مسلمہ سوگوار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ وقت جذباتی ردِعمل کے بجائے اتحاد، صبر اور دانشمندی کا مظاہرہ کرنے کا ہے، کیونکہ ملک میں انتشار پھیلانا یا اسے کمزور کرنا درحقیقت دشمن کے عزائم کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔ علامہ شیخ حسن جعفری نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ امن، بھائی چارے اور باہمی یکجہتی کے ذریعے اسلام اور وطن کی بنیادوں کو مستحکم کریں، کیونکہ یہی اصل قوت ہے اور دشمن کے خلاف سب سے سخت انتقام بھی یہی ہے۔




