اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ پاک فوج ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے، لیکن ہمیں اپنی پاک فوج پر فخر ہے۔ “ غضب للحق” ہماری سکیورٹی فورسز کی جرات اور بہادری کا عملی ثبوت ہے، جس کے ذریعے فوج نے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے پشت پناہوں کو مؤثر انداز میں شکست دی ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اس پر فخر ہے ۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ دوحہ کانفرنس کے بعد فریقِ دوئم نے معاہدے کی خلاف ورزی جاری رکھی لیکن ہماری بہادر مسلح افواج ہر قسم کے اندرونی اور بیرونی خطرے سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا 10 مارچ سے فائیوجی لانچ کرنے کا اعلان
انہوں نے زور دیا کہ آزاد کشمیر کی سلامتی پاکستان کے ساتھ جڑی ہوئی ہے اور کوئی بھی ہماری پاک فوج کو نقصان نہیں پہنچا سکتا ۔ وزیراعظم نے کشمیری عوام کو یقین دلایا کہ انہیں حقِ خودارادیت ضرور ملے گا ۔ یہ بیان انہوں نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران دیا ۔
اس موقع پر وزیراطلاعات، اوقاف و مذہبی امور چوہدری محمد رفیق نیئر، وزیر خرانہ چوہدری قاسم مجید، وزیر خوراک جاوید اقبال بڈھانوی، وزیر برائے کشمیر و ماحولیات نبیلہ ایوب، مشیر حکومت احمد صفیر اور پولیٹیکل اسسٹنٹ سید عزادار حسین کاظمی بھی موجود تھے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پریس کانفرنس حکومت کے پہلے 100 دن کے حوالے سے تھی۔ انہوں نے بتایا کہ جب حکومت کو ذمہ داری دی گئی تو حالات انتہائی مشکل تھے۔ راستے بند تھے، مسائل کی بھرمار تھی اور پورا نظام کنفیوژن کا شکار تھا۔ سیاسی نظام جمود کا شکار تھا اور عوام میں تحریک کی کمی محسوس ہو رہی تھی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے سردار آفاق و دیگر کی کشمیر ہاؤس میں ملاقات
انہوں نے کہا کہ حکومت کے آغاز سے اب تک عوامی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ سیاست دان گھروں میں محدود تھے لیکن حکومت نے عوام کے پاس جا کر ان کے مسائل سنے اور حل کرنے کی کوشش کی ۔ وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے مزید کہا کہ اگلے پانچ ماہ میں حکومت کو نئے راستے اپنانے ہوں گے ، خودمختارانہ طور پر گورننس اور معیشت کو بہتر بنانے پر توجہ دینی ہوگی ۔




