تتا پانی: آزاد کشمیر کا گرمائی سیاحتی مقام سیاحوں کی توجہ کا مرکز، سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ

آزاد جموں و کشمیر کا مشہور گرمائی سیاحتی مقام تتا پانی جو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے تقریباً تین گھنٹے کی مسافت پر سدھنوتی، پونچھ اور کوٹلی کے سنگم پر واقع ہے ملک بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہواہے۔ یہاں آنے والے سیاح حسین مناظر دیکھنے کے ساتھ ساتھ قدرتی گرم چشموں کے سلفر اور معدنیات کی آمیزش والے پانی سے لطف اندوز ہوتے ہیں ۔

تتا پانی اپنی قدرتی خوبصورتی اور گرم چشموں کی وجہ سے خصوصی اہمیت رکھتا ہےجہاں نکلنے والا چشمہ ہڈیوں، جوڑوں اور جلدی امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے شفا بخش مانا جاتا ہے۔ موسم گرم ہوتے ہی سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں کا رخ کر تی ہےلیکن سہولیات کی کمی نے ان کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ریشیاں لیپا روڈ پر برفانی تودہ گرنےکا خطرہ، محکمہ شاہرات نے وارننگ جاری کر دی

مقامی شہریوں اور سیاحوں نے حکومت اور محکمہ سیاحت سے مطالبہ کیا ہے کہ تتا پانی میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ سیاحوں کو بہتر تجربہ حاصل ہو۔ خاص طور پر یہاں چلڈرن پارک میں جھولے لگانے، چشموں کے باقاعدہ حوض تعمیر کرنے اور بنیادی سہولیات کی دستیابی کا مطالبہ کیاجا رہا ہے تاکہ تتا پانی کو ایک مکمل تفریحی اور شفایابی کا مرکز بنایا جا سکے۔

Scroll to Top