وزیراعظم کی دوحہ میں ملاقاتیں،اہم فیصلے، امیر قطر نے دورہ کی دعوت بھی قبول کرلی

وزیراعظم شہباز شریف نے دوحہ کے دورے میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی، نائب وزیراعظم اورو زیرد فاع سے اہم ملاقاتیں کی ہیں جن مین دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اورفیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل راٹھور کی نیلم اورحویلی میں بجلی منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، پاک قطربرادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق امیر قطر نے اقتصادی شراکت داری کو اعلیٰ اسٹریٹجک سطح تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کی علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیااور دونوں رہنماؤں نے مذاکرات، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی مسائل پر قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ اعلامیے کے مطابق امیر قطر نے وزیراعظم کی پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کرلی اور ان کا دورہ پاکستان رواں سال ہو گا۔

قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے دوحہ میں قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع سے ملاقات کی اور دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے اور تعاون کو وسعت دینے کے لیے پاکستان کا عزم دہرایا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا 10 مارچ سے فائیوجی لانچ کرنے کا اعلان

قطر کے نائب وزیراعظم نے دو طرفہ دفاعی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے میں قطرکی دلچسپی سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ایران اور افغانستان کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی قطر کے وزیر مملکت برائے بیرونی تجارت سے بھی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تجارت اور معاشی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا، رمضان المبارک میں مشترکہ ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم سے قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے وفد کی بھی ملاقات ہوئی۔ دونوں ممالک کے کاروباری اداروں اور افراد کے درمیان روابط آسان بنانےکے لیے کوششوں پر اتفاق ہوا۔

Scroll to Top