مظفرآباد:آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ایک بار پھر کل 25 فروری 2026 بروز بدھ صبح 11 بجے طلب کر لیا گیا ہے۔
اجلاس قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر نے آئین کے آرٹیکل 27(4) کے تحت طلب کیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس میں اراکین اسمبلی کو بروقت شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیراسمبلی اجلاس :حکومت اور اپوزیشن آمنے سامنے،تلخ جملوں کا تبادلہ
یاد رہے کہ گزشتہ اجلاس کی کارروائی ہنگامہ آرائی، اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان تلخ جملوں کے تبادلے اور بعض اہم نکات پر ادھوری بحث کے باعث غیر معمولی اہمیت اختیار کر گئی تھی۔
متعدد قراردادیں اور توجہ دلاؤ نوٹس مکمل غور کے بغیر مؤخر ہو گئے تھے جبکہ عوامی نوعیت کے معاملات خصوصاً گڈ گورننس ، مالی نظم و ضبط اور ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر بحث ادھوری رہ گئی تھی۔
نئے اجلاس میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سابقہ کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے قانون سازی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
سوال و جواب کی نشست میں حکومتی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور اپوزیشن کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: 4ممبران اسمبلی نےخلاف ضابطہ گاڑیوں پر قبضہ جما لیا، پولیس سے مدد طلب
ذرائع کے مطابق ایوان میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور ایجنڈے کی بروقت تکمیل پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی فضا میں یہ اجلاس آئندہ پارلیمانی حکمت عملی کے تعین میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ عوامی توقعات بھی ایوان کی سنجیدہ اور نتیجہ خیز کارروائی سے وابستہ ہیں۔




