ٹرک

دھیرکوٹ : پولیس کی بڑی کارروائی: آٹا سمگلنگ کی کوشش ناکام، ٹرک ضبط

دھیرکوٹ(کشمیر ڈیجیٹل) خیبرپختونخوا منتقل کیے جانے والے آٹے سے بھرا ٹرک دھیرکوٹ کے علاقے چمیاٹی چونگی کے قریب روک کر قبضے میں لے لیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مذکورہ ٹرک براستہ آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی اور راولاکوٹ سے گزرتا ہوا مانسہرہ اور ایبٹ آباد کی جانب جا رہا تھا۔

آٹے کی غیر قانونی ترسیل کا یہ سلسلہ کافی عرصے سے جاری تھا، جس کے ذریعے بڑی مقدار میں آٹا آزاد کشمیر سے گزار کر خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں فروخت کیا جاتا رہا۔

پولیس نےآٹے سے لدے ٹرک کو تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف مقامی شہری آٹے کی قلت اور مہنگائی سے پریشان ہیں

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا 10 مارچ سے فائیوجی لانچ کرنے کا اعلان

دوسری طرف مبینہ طور پر ملی بھگت کے ذریعے آٹے کی سمگلنگ جاری رہنا انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

شہریوں کا مطالبہ ہے کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور اس دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت ایلیمنٹری اساتذہ کیساتھ ناانصافی فوری ختم کرے،ڈاکٹر پیرسید علی رضا بخاری

اہل علاقہ کے مطابق دھیرکوٹ اور گردونواح میں اکثر اوقات عام شہریوں کو سرکاری نرخوں پر آٹا دستیاب نہیں ہوتا، جبکہ بڑی مقدار میں آٹا بیرون علاقوں کو منتقل کیا جانا لمحہ فکریہ ہے۔

عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داران کا تعین کر کے سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں کا سدباب کیا جا سکے۔

Scroll to Top