فیصل ممتاز

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا 10 مارچ سے فائیوجی لانچ کرنے کا اعلان

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

آزاد جموں و کشمیر میں 10 مارچ سے 5جی سروسز کا آغاز ہونے جا رہا ہے،یہ ایک تاریخی سنگِ میل ہے جو ریاست کو تیز رفتار انٹرنیٹ، جدید تعلیم، ای ہیلتھ، ای گورننس اور ڈیجیٹل معیشت کے نئے دور میں داخل کرے گا جبکہ جلد ہی اس سمت میں ٹرائل کا آغاز شروع ہو جائے گا جس کے لئے پالیسی مکتوب بھجوایا جا چکا ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے نوجوان بچوں اور بچیوں کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ آپ کی حکومت نے جدید دور کے تقاضوں کے عین مطابق ڈیجیٹل دنیا کی طرف اہم پیشقدمی کو مقدم رکھا ہے ۔

فائیو جی ٹیکنالوجی سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، آئی ٹی اور فری لانسنگ کے مواقع وسیع ہوں گے اور ہمارے باصلاحیت نوجوان عالمی مارکیٹ سے براہ راست جڑ سکیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایس ایچ او کا خاتون اور بچے پرتشدد، علاقے کی فضاء کشیدہ، نیلم پل بند

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ریاست کا ہر شہر اور ہر گاؤں ڈیجیٹل ترقی کے سفر میں برابر کا شریک ہو۔حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنایا جائے۔۔

دور دراز علاقوں تک تیز رفتار انٹرنیٹ پہنچایا جائے اور نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کی تعلیم و تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ جدید معیشت کا مؤثر حصہ بن سکیں۔

وزیراعظم فیصل راٹھور کا کہنا تھا کہ میرا یقین ہے کہ فائیوجی صرف انٹرنیٹ کی رفتار نہیں بلکہ ترقی، روزگار اور خوشحالی کی رفتار ہے۔ ہم سب مل کر آزاد کشمیر کو ایک جدید، ڈیجیٹل اور خود کفیل ریاست بنائیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت ایلیمنٹری اساتذہ کیساتھ ناانصافی فوری ختم کرے،ڈاکٹر پیرسید علی رضا بخاری

اس سلسلے میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس اہم سفر میں ہماری بھرپور معاونت کی۔

اس موقع پر آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ فورجی کی سہولت آزادکشمیر کو تقریبا 5 سال بعد ملی تھی مگر اس بار آپ کی حکومت نے فائیوجی کی سہولت پاکستان میں شروع ہونے کے ساتھ ہی حاصل کر لی اس بہترین پیشرفت پر میں تمام اسٹیک ہولڈرز،اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں اس سلسلے میں چیف سیکرٹری آزادکشمیر خوشحال خان اور سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی راشد حنیف اور ان کی ساری ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں جن کی شبانہ روز کاوشوں سے یہ ممکن ہوا ۔۔

آزادکشمیر کے عوام کو یہ تاریخی کامیابی ملی۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ٹیلی کام سیکٹر کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے رائٹ آف وے چارجز ختم کئے۔

ون ونڈو سہولت فراہم کی تاکہ ٹیلی کام آپریٹرز کو آزادکشمیر میں مسابقت کا بہتر ماحول ملے جس سے ہماری عوام کو بہتر سہولتیں حاصل ہونگی۔

Scroll to Top