آئی سی سی مینز ٹی 20ورلڈکپ کے بعد پاکستان کی بنگلادیش کے خلاف ون ڈے سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا۔
پاکستان مینز کرکٹ ٹیم مارچ میں بنگلا دیش کا دورہ کرے گی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہبازشریف کا بھارت کیساتھ نہ کھیلنے ، بنگلادیش کیساتھ کھڑے ہونے کا دوٹوک پیغام
شیڈول کے مطابق پاکستان ٹیم 9 مارچ کو بنگلا دیش پہنچے گی، قومی ٹیم 10 مارچ کو پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 11 ، دوسرا 13 اور تیسرا 15 مارچ کو کھیلا جائیگا۔
سیریز کے تمام میچز شیرِ بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلے جائیں گے۔ یہ پچھلے برس جولائی کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کا بنگلا دیش کا دوسرا دورہ ہوگا۔
جولائی میں کھیلی گئی ٹی 20انٹرنیشنل سیریز بنگلا دیش نے جیتی تھی۔
پچھلے سال جولائی سے قبل بنگلا دیش کرکٹ ٹیم نے مئی جون میں پاکستان کا دور ہ کیا تھا جس میں سلمان علی آغا کی قیادت میں پاکستان نے ٹی 20انٹرنیشنل سیریز 0-3سے جیتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈکپ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے اہم میچ میں بارش کا امکان
یاد رہےکہ ٹی 20ورلڈکپ میں بھارت آنے سے انکار کرنے پر آئی سی سی نے بنگلا دیش کو ورلڈکپ سے نکال کرآئر لینڈ کو شامل کر لیا تھا جس پرپاکستان بنگلا دیش کیساتھ کھڑا ہو گیا تھا۔
پاکستان کے انڈیا کیخلاف میچ کے بائیکاٹ کے اعلان پرانٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) کو مجبوراً مذاکرات کرنا پڑے اور بنگلادیش کے مطالبات تسلیم کئے گئے۔
بنگلا دیش نے ساتھ کھڑے ہونے پر پاکستان کا شکریہ اد کرتے ہوئے اپیل کی تھی کہ پاکستان کو انڈیا کیخلاف میچ کھیلنا چاہیے کیونکہ ہمارے مطالبات پورے ہو چکے ہیں۔




