وزیراعظم شہبازشریف کا بھارت کیساتھ نہ کھیلنے ، بنگلادیش کیساتھ کھڑے ہونے کا دوٹوک پیغام

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم نے ٹی 20ورلڈکپ میں بھارت کیساتھ نہ کھیلنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے، کھیل کے میدان میں سیاست بالکل نہیں ہونی چاہیے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی 20ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کابھارتی ٹیم سے میچ نہ کھیلنا،بھارت کے منہ پر طمانچہ :پریانکا چتُر ویدی

انہوں نے کہا کہ ٹی 20ورلڈکپ میں ہم نے واضح موقف اختیار کیا ہے، کھیل کےمیدان میں سیاست نہیں ہونی چاہیے، ہم نے بھارت کیساتھ نہ کھیلنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کرکیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں بنگلا دیش کیساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔

اس کےعلاوہ وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں فتنہ خوارج، فتنہ ہندوستان نے دہشت گرد حملہ کیا۔

ہماری بہادر افواج نے دہشتگردوں کا بھرپور جواب دیا، جوابی کارروائی میں 180 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ دہشتگرد حملے میں 17 جوان اور 31 شہری شہید ہوئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق میں دشمن کو شکست سے دوچار کیا، نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والے انسان نہیں ہیں، ہمارے شہدا کی قربیانیاں رنگ لائیں گی، دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کے کھڑی ہے، مزدوروں اور بچوں کے قتل پر پوری قوم افسردہ ہے۔

ایران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ایران کی کشیدہ صورتحال میں پاکستان نے برادرانہ کردار ادا کیا، میری ،نائب وزیراعظم، فیلڈمارشل کی مختلف اوقات میں ایرانی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں اورٹیلی فون پر گفتگو ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے بائیکاٹ پر بھارتی براڈ کاسٹر کو کتنا نقصان ہوگا، تفصیلات سامنے آگئیں

وزیراعظم نے کہا کہ قطر،ترکیے،مصر اور دیگرممالک نے بھی ایران کے معاملے پرکوششیں کی ہیں، پوری کوشش ہے کہ ایران کا معاملہ بات چیت کے ذریعے حل ہو، چاہتے ہیں، خطے میں منڈلاتے خطرات ختم ہوجائیں، خطے میں دیرپا امن چاہتےہیں۔

واضح رہے کہ اتوار کو پاکستان نے ٹی 20ورلڈکپ میں شرکت کرنے لیکن بھارت کے خلاف 15 فروری کا میچ نہ کھیلنےکا اعلان کیاہے۔

Scroll to Top