احتجاج

مظفرآباد : محکمہ صحت کے ملازمین کی اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل ) آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں محکمہ صحت کے ملازمین اپنے مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج بن گئے اور ایک منظم احتجاجی ریلی نکالی ۔

یہ ریلی سی ایم ایچ مظفرآباد سے شروع ہوئی اور مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب مظفرآباد پہنچی ، جہاں مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی ۔

ملازمین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے دیرینہ مسائل اور مطالبات درج تھے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کے ملازمین کو طویل عرصے سے درپیش مسائل حل طلب ہیں ۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ محکمہ صحت کے ملازمین کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کیے جائیں ، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:محکمہ صحت کے 237 ملازمین تنخواہوں سے محروم، بیوروکریسی اور سیاستدان رکاوٹ، عبدالمنان سیف اللہ کا مؤقف

احتجاج میں شریک ملازمین نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ صحت کے شعبے میں اہم خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن ان کے بنیادی حقوق اور پیشہ ورانہ مسائل کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ تنخواہوں، مراعات، سروس اسٹرکچر اور دیگر انتظامی معاملات سے متعلق کئی وعدے تاحال پورے نہیں کیے گئے ۔

مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی ۔

پریس کلب کے باہر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے نمائندہ ملازمین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ محکمہ صحت کے کارکنان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھ سکیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر: محکمہ صحت کے ملازمین کی پریس کانفرنس، وزیرِ اعظم سےبجٹ کے تحت بحالی کی اپیل

ان کا کہنا تھا کہ صحت کا شعبہ براہ راست عوامی فلاح سے جڑا ہے، اس لیے ملازمین کے مسائل کا حل نہ صرف ان کیلئے بلکہ عوام کے بہتر مفاد میں بھی ضروری ہے۔ احتجاج پرامن رہا اور اختتام پر ملازمین نے آئندہ کے لائحہ عمل کا عندیہ بھی دیا ۔

Scroll to Top