وادیِ لیپہ میں جاری غیر اعلانیہ بجلی بریک ڈاؤن کے خلاف عوامی صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا جس کے نتیجے میں مشتعل شہریوں نے کپہ گلی کے مقام پر سڑک بند کر دی۔ احتجاجی مظاہرین نے پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (PDO) کو وارننگ دی کہ اگر فوری طور پر بجلی کی بحالی کے اقدامات نہ کیے گئے تو وہ پاور ہاؤس کی نہر بند کر دیں گے۔
شدید سردی میں بجلی کی مسلسل بندش نے معمولاتِ زندگی مفلوج کر دیے ہیں جبکہ عوامی شکایات کے باوجود متعلقہ اداروں کی خاموشی مزید غم و غصے کو ہوا دے رہی ہے۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ بارہا درخواستوں کے باوجود بجلی کی بحالی کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا جا رہا جس کے باعث انہیں سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہونا پڑا۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے پی ڈی او کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بجلی کی ترسیل کو فوری طور پر بحال کیا جائےبصورتِ دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب تاحال متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی سرکاری ردِ عمل سامنے نہیں آیاتاہم عوام میں بے چینی بڑھتی جا رہی ہے ۔