پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھارت کے خلاف اہم مقابلے سے قبل اسپنر عثمان طارق کو ٹیم کا خاص ہتھیار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کامیابی کے لیے ٹیم کو معیاری کرکٹ کھیلنا ہوگی ۔
کولمبو میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ ٹیم کے لیے ہر کھلاڑی یکساں اہمیت رکھتا ہے تاہم عثمان طارق اپنی صلاحیتوں کی وجہ سے نمایاں ہیں ۔ ان کے مطابق عثمان طارق کے بولنگ ایکشن پر ہونے والی بحث غیر ضروری ہے کیونکہ وہ دو مرتبہ کلیئر قرار دیے جا چکے ہیں ۔ سلمان علی آغا نے کہا کہ ایسی باتوں سے کھلاڑی متاثر نہیں ہوتے اور ہر شخص کو اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے ۔
قومی کپتان کا کہنا تھا کہ اگلا میچ بھی انتہائی اہم نوعیت کا ہوگا اور ٹیم مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ کھلاڑی مقامی کنڈیشنز اور پچ سے بخوبی واقف ہیں جبکہ ممکنہ بارش یا اوورز میں کمی جیسے حالات سے نمٹنے کیلئے بھی حکمت عملی تیار ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسکواڈ میں شامل تمام 15 کھلاڑی ٹیم کیلئے قیمتی ہیں اور حتمی پلیئنگ الیون کنڈیشنز کو مدنظر رکھ کر منتخب کی جائے گی ۔ بابر اعظم کی فارم کے حوالے سے انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ وہ آئندہ میچ میں بھی ٹیم کیلئے اہم اننگزکریں گے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی 20 ورلڈ کپ : پاک بھارت ٹاکرا، بارش کے باعث میچ متاثر ہونے کا خدشہ
بھارت کے خلاف عالمی مقابلوں میں ماضی کے ریکارڈ پر بات کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم نے ماضی سے سبق سیکھا ہے اور اس بار بہتر کارکردگی دکھانےکیلئے بھارتی ٹیم کے ہر کھلاڑی کے خلاف منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔
بھارتی بیٹر ابھیشک شرما کے حوالے سے سوال پر انہوں نے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُمید ہے وہ جلد مکمل فٹ ہو کر اپنی ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے ۔
کپتانی کے دباؤ پر گفتگو میں سلمان علی آغا نے کہا کہ قیادت اضافی ذمہ داری کیساتھ آتی ہے کیونکہ آپ ملک کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں، اس لیے توجہ کا مرکز بھی بنتے ہیں ۔ ان کے مطابق ایسے حالات میں ٹیم کو میدان میں بہترین کھیل پیش کرنا ہوتا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت میچ : ہینڈشیک کیلئے 24گھنٹے کا انتظار کریں:بھارتی ٹیم کپتان
ہینڈ شیک سے متعلق حالیہ بحث پر انہوں نے کہا کہ کرکٹ کو ہمیشہ کھیل کے جذبے کے ساتھ کھیلنا چاہیے ۔ کھیل میں اسپورٹس مین اسپرٹ ہونا چاہیے ۔



