اسلام آباد:پاکستان کے قومی خلائی ادارے اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے رمضان المبارک کے چاند سے متعلق پیش گوئی جاری کر دی۔
سپارکو کے ترجمان کے مطابق رمضان المبارک کا چاند 18 فروری کی شام انسانی آنکھ سے دیکھے جانے کا امکان ہے جس کے بعد پاکستان میں پہلا روزہ 19 فروری کو ہونے کی توقع ہے۔
ترجمان کے مطابق رمضان المبارک کا نیا چاند 17 فروری کو شام 5 بج کر ایک منٹ پر پیدا ہوگا جبکہ 18 فروری کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 25 گھنٹے اور 48 منٹ ہوگی جسے انسانی آنکھ سے دیکھا جا سکتاہے۔
یہ بھی پڑھیں: رمضان سے قبل گیس کا بحران، منافع خوروں نے قیمتیں 4 ہزار تک پہنچا دیں
سپارکو نے واضح کیا ہے کہ چاند نظر آنے اور رمضان المبارک کے آغاز کا حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی پاکستان کی جانب سے کیا جائے گا جس کا فیصلہ ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کی روشنی میں ہوگا۔
قبل ازیں محکمۂ موسمیات نے بھی پیشگوئی کی تھی کہ 18 فروری کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں،18 فروری کی شام ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع صاف یا جزوی ابر آلود رہے گا۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا تھاکہ سندھ میں چاند دیکھنے کا آخری وقت شام 7 بج کر 24 منٹ ہے جبکہ پنجاب میں چاند دیکھنے کا وقت شام 7 بج کر 8 منٹ تک ہو گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں چاند دیکھنے کا آخری وقت 7 بج کر 47 منٹ مقرر کیا گیا ہے جبکہ خیبر پختون خوا میں چاند دیکھنے کا وقت شام 7 بج کر 13 منٹ تک رہے گا ۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں رمضان کا چاند کب نظر آئے گا؟تازہ پیش گوئی سامنے آ گئی
آزاد کشمیر میں چاند دیکھنے کا وقت شام 6 بج کر 58 منٹ پر ختم ہو گاجبکہ گلگت بلتستان میں رویتِ ہلال کا وقت شام 6 بج کر 53 منٹ تک ہے۔




