پاک بھارت جنگ رکوانے میں اہم کردار ادا کیا، جھڑپ میں 10 طیارے تباہ ہوئے:ڈونلڈ ٹرمپ کا نیا دعویٰ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر جنوبی ایشیا کے دو جوہری ملکوں، پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی 2025 میں پیدا ہونے والی شدید کشیدگی کو روکنے کا کریڈٹ لیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس تنازعے کے دوران 10 طیارے تباہ ہو چکے تھے۔

ایک امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اب تک آٹھ مختلف جنگیں ختم کرائی ہیں، جن میں سے کم از کم چھ جنگوں کو صرف “ٹیرف” (تجارتی پابندیوں) کی دھمکی دے کر روکا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے فریقین کو واضح کر دیا تھا کہ اگر جنگ بند نہ کی گئی تو امریکہ سخت معاشی اقدامات کرے گا، کیونکہ وہ انسانی جانوں کا ضیاع نہیں دیکھنا چاہتے۔

یہ بھی پڑھیں: مذاکرات ناکام ہوئے تو سخت قدم اٹھائیں گے: صدر ٹرمپ کا ایران کے خلاف دوسرا بحری بیڑہ بھیجنے کا انتباہ

پاک بھارت صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ اس وقت حالات انتہائی سنگین تھے اور دونوں ممالک جوہری جنگ کے دہانے پر کھڑے ایک دوسرے کے آمنے سامنے تھے۔ ٹرمپ کے مطابق، اس مختصر جھڑپ میں 10 طیاروں کی تباہی ہو چکی تھی لیکن ان کی مداخلت نے معاملے کو مزید بگڑنے سے بچایا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ طور پر ایک کروڑ جانیں بچانے پر ان کے کردار کو سراہا اور اس کا اعتراف کیا۔ صدر ٹرمپ نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تین دہائیوں پرانے تنازعے کو بھی محض ڈیڑھ دن میں ختم کرانے کا حوالہ دیا۔

انٹرویو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے بھی سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگر جاری مذاکرات ناکام ہوئے تو امریکہ سخت ترین فوجی کارروائی سے گریز نہیں کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تہران اس وقت مذاکرات میں سنجیدہ نظر آ رہا ہے کیونکہ اسے امریکی فوجی طاقت کا بخوبی اندازہ ہو چکا ہے۔ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں وہ خطے میں ایک اور بحری بیڑہ تعینات کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی صدر اس سے قبل بھی متعدد بار پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوانے کا دعویٰ کر چکے ہیں، تاہم 10 طیارے تباہ ہونے کا تذکرہ ان کی جانب سے ایک نیا اضافہ ہے۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ نے 7 جہازوں کا 61 مرتبہ ذکر کرکے مودی کی آتما رول دی،خواجہ آصف

Scroll to Top