پیپلز پارٹی 2026 کے انتخابات میں کلین سویپ کرے گی، ریاست کی عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: نورالعین قاضی

مظفرآباد : آزاد کشمیر کی کم عمر ترین سیاسی رہنما اور پیپلز پارٹی ضلع مظفرآباد کی جنرل سیکرٹری نورالعین قاضی نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی نے 2026 کے انتخابات کے لیے بھرپور تیاریاں کر لی ہیں اور وہ ایک بار پھر حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔

کشمیر ڈیجیٹل کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا عوام سے رابطہ بحال ہو چکا ہے اور آنے والے الیکشن میں ‘تیر’ ہی کلین سویپ کرے گا۔

نورالعین قاضی نے موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب کولیشن حکومت تھی، تب ہمارے کارکنان عوامی ایکشن کمیٹی کا حصہ رہے ہیں، ہم خود اس کا حصہ رہے ہیں لیکن اب پیپلز پارٹی کے دورِ اقتدار میں وزیراعظم نے عوام کے لیے اپنے دروازے کھول رکھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم خود عوام میں موجود ہیں اور مسائل حل کر رہے ہیں، اس لیے اب عوام کو حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کسی ایسے پلیٹ فارم کا حصہ نہ بنیں جو ریاست کی عزت و وقار کے خلاف ہو۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا کی بڑی سہولت؛ شناختی کارڈ کی تجدید اور گمشدگی پر اب دفاتر کے چکروں سے چھٹکارا

دفاعِ وطن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ جب ہم گھروں میں سو رہے تھے، ہمارے فوجیوں اور آرمی چیف نے ملک کا دفاع کیا اور بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ سیاسی مشکلات اور خواتین کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے نورالعین قاضی نے کہا کہ سیاست میں عورتوں کے لیے ہر دور میں مشکلات پیدا کی گئیں اور بیمار ذہن کے لوگ کردار کشی پر اتر آتے ہیں، لیکن وہ اپنی خاندانی نسبتوں کی بدولت ان تمام رکاوٹوں کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے عوام کو پیغام دیا کہ 2026 میں بھمبر سے تاؤ بٹ تک ہر حلقے میں پیپلز پارٹی کو کامیاب بنائیں تاکہ عوامی راج قائم رہ سکے۔ انٹرویو کے اختتام پر انہوں نے ایک دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ سیاست میں نہ ہوتیں تو ایک فیشن ڈیزائنر ہوتیں۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں بادلوں کا راج، پہاڑوں پر برفباری؛ جاتی سردی کو بریک لگ گئی

Scroll to Top