پاکستان میں 19 ممالک کی افواج کا بڑا ٹکراؤ! 60 گھنٹے کی کٹھن مشقیں مکمل، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دشمنوں کو دو ٹوک پیغام

راولپنڈی/کھاریاں : کھاریاں میں منعقد ہونے والا 9 واں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ (PATS) مقابلہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے۔ اس بین الاقوامی عسکری مقابلے میں دنیا بھر سے آئی عسکری ٹیموں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی برداشت اور حربی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ’کردار، جرأت اور قابلیت وہ اوصاف ہیں جو پاکستانی سپاہیوں کی پہچان ہیں‘، خصوصاً دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد میں پاکستانی فوج ان اوصاف کا عملی مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے شریک ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت اور غیر معمولی لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی مشقیں جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ رہنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افواج پاکستان تیار،ہر قسم کی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا،فیلڈ مارشل عاصم منیر

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مقابلہ 60 گھنٹوں پر مشتمل ایک سخت اور حقیقت سے قریب پیٹرولنگ مشق تھی، جس کا مقصد جدید عسکری خیالات اور حربی تجربات کا تبادلہ کرنا ہے۔ یہ مشق 5 فروری سے پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں میں منعقد کی گئی، جس میں امریکہ، سعودی عرب، ترکیہ اور بحرین سمیت 19 ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا، جبکہ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ بطور مبصر شریک ہوئے۔ پاکستان آرمی اور نیوی کی 16 مقامی ٹیموں نے بھی اس میں اپنی صلاحیتیں منوائیں۔

مزید پڑھیں: دہشتگردوں اور سہولت کاروں کیساتھ سختی سے نمٹا جائےگا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

تقریب کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کیے۔ بعد ازاں انہوں نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نئے قائم کردہ ٹیکٹیکل سمیولیٹر سمیت مختلف تربیتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔ بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے مشق کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور نظم و ضبط کی بھرپور تعریف کی۔

Scroll to Top