مظفرآباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رات گئے ہونے والی بارش اور برفباری سے آزاد کشمیر کے کئی بالائی علاقوں میں ہارنول نقطہ انجماف سے گر گیا، جس کے باعث صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر: 9 اور10 فروری کو بارش، شدید برفباری کا امکان، ایمرجنسی الرٹ جاری
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی رات گئے سے وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے نتیجے میں موسم سرد اور خوشگوار ہو گیا، تاہم مسلسل بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جن میں پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور شامل ہیں، میں بارش متوقع ہے۔ اسی طرح چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ اور کوہستان میں بارش کے ساتھ برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے ان علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
آزاد کشمیر کے بیشتر بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ متعدد مقامات پر برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، جس سے آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مزید پڑھیں:بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کا آغاز، محکمہ موسمیات کا ملک گیر الرٹ جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں آئندہ 12 گھنٹوں تک برفباری جبکہ وسطی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمے نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور مزید بارش و برفباری کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔




