مظفر آباد(کشمیر ڈیجیٹل)سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر نے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے پیشِ نظر 9 اور 10 فروری کے دوران آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ بالائی و پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کے خدشے کے باعث ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا ہے ۔
ایس ڈی ایم اے کے مطابق متوقع خراب موسمی صورتحال کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں کی سڑکوں پر پھسلن، لینڈ سلائیڈنگ، سڑکوں کی بندش، ٹریفک کی روانی میں خلل اور روزمرہ معمولات متاثر ہونے کا امکان ہے ۔
الرٹ کے مطابق مظفرآباد، نیلم ویلی، جہلم ویلی، میرپور، کوٹلی، بھمبر، راولاکوٹ، باغ، حویلی اور پونچھ کے اضلاع زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث صورتحال مزید پیچیدہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔
ایس ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، محکمہ شاہرات، محکمہ صحت، ٹورسٹ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کا آغاز، محکمہ موسمیات کا ملک گیر الرٹ جاری
مشینری، برف ہٹانے والے آلات اور ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو حساس مقامات پر تعینات رکھنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں ۔
ایس ڈی ایم اے نے عوام الناس اور سیاحوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پہاڑی و برفباری سے متاثرہ علاقوں کا رخ کرنے سے پہلے تازہ موسمی صورتحال، سڑکوں کی حالت اور سرکاری ہدایات ضرور معلوم کریں ۔
برف باری والے علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو ایندھن، ادویات، خوراک اور دیگر ضروری اشیاء پیشگی محفوظ رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔
ایس ڈی ایم اے کا سٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے جو صورتحال پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کتنے فیصد پاکستانی غزہ فوج بھیجنے کے حامی ہیں؟ گیلپ سروے جاری
کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں عوام فوری طور پر ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 یا ٹورسٹ پولیس سے رابطہ کریں ۔




