مظفرآباد : پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 8 فروری کو دی گئی ملک گیر احتجاج اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال آزاد کشمیر میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ دارالحکومت مظفرآباد سمیت ریاست کے دیگر بڑے شہروں میں عوام اور تاجر برادری نے ہڑتال کی کال کو مسترد کرتے ہوئے اپنے معمولات زندگی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
شہر بھر میں ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق ہے اور کہیں بھی احتجاج کی صورت میں لوگوں کا نام و نشان نظر نہیں آ رہا۔
یہ بھی پڑھیں: شہریوں نے پی ٹی آئی کی احتجاجی کال مسترد کر دی، معمولاتِ زندگی بحال
تجارتی مراکز میں چہل پہل اور تاجروں کا موقف:
رپورٹس کے مطابق اتوار کو سرکاری چھٹی ہونے کے باوجود تاجروں نے اپنے کاروباری مراکز کھول کر پی ٹی آئی کی ہڑتال سے مکمل بائیکاٹ کا پیغام دیا ہے۔ دارالحکومت مظفرآباد کے تاجروں کا کہنا ہے کہ آئے روز کے احتجاج اور دھرنوں کے باعث وہ پہلے ہی شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں، اس لیے وہ مزید کسی ہڑتال کا حصہ نہیں بن سکتے۔ شہر میں دکانیں معمول کے مطابق کھلی ہیں اور شہریوں کی بڑی تعداد خریداری میں مصروف دکھائی دیتی ہے۔
گڑھی دوپٹہ اور باغ کی صورتحال:
ضلع باغ اور گڑھی دوپٹہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق وہاں کے شہریوں نے بھی تحریک انصاف کی احتجاجی کال سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ گڑھی دوپٹہ کے بازاروں اور مارکیٹوں میں رونق برقرار ہے اور عوام اپنے روزمرہ کے کاموں میں مصروف ہیں۔ باغ میں بھی شٹر ڈاؤن کی اپیل کا کوئی اثر دیکھنے میں نہیں آیا اور ٹریفک کی آمد و رفت بلا تعطل جاری ہے۔




