سوشل میڈیا ویڈیو بنی موت کا پروانہ، خاتون شوٹنگ کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھی

بانڈہ : بھارت میں سوشل میڈیا کے لیے ویڈیو بنانے کا جنون ایک ستائیس سالہ خاتون کی زندگی نگل گیا۔ ریاست اترپردیش کے ضلع بانڈہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ویڈیو ریکارڈنگ کے دوران توازن بگڑنے سے خاتون کی گردن میں پھندا لگ گیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 27 سالہ موہنی اپنے گھر میں سوشل میڈیا کے لیے ایک ویڈیو شوٹ کر رہی تھی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ موہنی ‘پھانسی کے منظر’ کی ایک ویڈیو دوبارہ ریکارڈ (Retake) کرنا چاہتی تھی۔ اسی مقصد کے لیے اس نے اپنے گلے میں پھندا ڈالا اور موبائل فون کیمرے کے سامنے ایک اسٹول پر کھڑی ہو کر پوز دینے لگی۔

یہ بھی پڑھیں: شہریوں نے پی ٹی آئی کی احتجاجی کال مسترد کر دی، معمولاتِ زندگی بحال

دورانِ ریکارڈنگ اچانک موہنی کا توازن برقرار نہ رہ سکا اور وہ اسٹول سے نیچے گر گئی۔ اسٹول ہٹنے کی وجہ سے اس کی گردن کے گرد موجود پھندا تنگ ہو گیا اور وہ خود کو بچانے میں ناکام رہی۔ اس حادثے کے نتیجے میں موہنی کی موت واقع ہو گئی۔

اس دل دہلا دینے والے واقعے کا علم اس وقت ہوا جب موہنی کی 4 سالہ بیٹی کمرے میں داخل ہوئی اور اپنی ماں کو لٹکتے ہوئے دیکھا۔ بچی کی چیخ و پکار سن کر پڑوسی فوری طور پر موقع پر پہنچے اور منظر دیکھ کر دنگ رہ گئے۔ پولیس کو واقعے کی اطلاع دی گئی جس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیا اور ضروری کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔

مزید پڑھیں: بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کا آغاز، محکمہ موسمیات کا ملک گیر الرٹ جاری

Scroll to Top