اسلام آباد:ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی بھی مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پیٹرولیم لیوی کی وصولی کی بلند ترین سطح سامنے آ گئی ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں ریکارڈ آمدن حاصل کی گئی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں سالانہ بنیادوں پر پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں 273 ارب 51 کروڑ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جولائی تا دسمبر 2025 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 822 ارب 93 کروڑ روپے وصول کیے گئے، جبکہ گزشتہ مالی سال جولائی تا دسمبر 2024 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی وصولی 549 ارب 41 کروڑ روپے رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: عوام پرپیٹرولیم لیوی کا بڑھتا بوجھ، تفصیلات سامنے آ گئیں
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی حکومت نے گزشتہ ماہ پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی میں 4 روپے 65 پیسے کا اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول پر لیوی کی شرح فی لیٹر 84 روپے 27 پیسے مقرر کی گئی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی میں 80 پیسے اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی فی لیٹر 76 روپے 21 پیسے مقرر کی گئی۔
دستاویزات میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران کاربن لیوی کی مد میں بھی الگ سے وصولیاں کی گئیں۔ جولائی تا دسمبر کے عرصے میں کاربن لیوی کی مد میں 25 ارب 48 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔
مزید پڑھیں: پیٹرول کی قیمت برقرار، ڈیزل فی لیٹر 11روپے اضافہ،نوٹیفکیشن جاری
سرکاری ریکارڈ کے مطابق پہلی ششماہی میں پیٹرولیم اور کاربن لیوی کی مجموعی وصولیوں نے ملکی تاریخ میں ایک نئی مثال قائم کر دی ہے، جو پہلی بار کسی بھی مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ میں اس سطح تک پہنچی ہے۔




