سابق پاکستانی کرکٹر باسط علی نے قومی ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر کے حوالے سے سخت رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بابر اعظم کو نمبر چار پر کھلانے کے بجائے انہیں واپس پاکستان بھیجنے کو ترجیح دیتے ۔
ٹی وی میں گفتگو کرتے ہوئے باسط علی کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کو کبھی بھی چوتھے نمبر پر نہیں کھلانا چاہیے ۔ ان کے مطابق اس پوزیشن پر خواجہ نافع کو موقع دیا جانا زیادہ مناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمبر چار پر بیٹنگ کرنے والے کھلاڑی پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ٹیم کو میچ جتوا کر دے ۔
باسط علی نے کہا کہ اگر پاکستان ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی تو یہ بابر اعظم کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں آخری ایونٹ ثابت ہو سکتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں پاکستان ٹیم نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ 14 اوورز میں 88 رنز بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتی، حالانکہ ٹیم میں بڑے بڑے نام شامل ہیں لیکن کسی کو یہ معلوم نہیں کہ اسے کون سا کردار ادا کرنا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ویسٹ انڈیز نے اسکاٹ لینڈ کو 35 رنز سے شکست دیدی، روماریو شیفرڈ کی ہیٹ ٹرک
سابق کرکٹر نے کہا کہ صائم ایوب نے ایک ہی اوور میں دو وکٹیں حاصل کر کے میچ کا رخ بدل دیا، تاہم ان کے مطابق پاکستان یہ مقابلہ تقریباً ہار چکا تھا لیکن فہیم اشرف نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹیم کو فتح دلائی ۔
باسط علی کا کہنا تھا کہ پاکستانی بیٹنگ لائن وہی انداز اپنا رہی ہے جو عام طور پر پہلی اننگز میں اپنایا جاتا ہے، حالانکہ یہ دوسری باری کی بیٹنگ تھی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ کھلاڑی کوئی نئے نہیں ہیں بلکہ تین سے چار سال سے ٹیم کا حصہ ہیں، اس کے باوجود انہیں بار بار بنیادی باتیں سمجھانا پڑتی ہیں ۔ ان کے مطابق یہی کھلاڑی دوسروں کو ٹیم میں آنے کا موقع بھی نہیں دیتے ۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دی ۔ فہیم اشرف کو 11 گیندوں پر 29 رنز کی میچ وننگ اننگ کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل میں صائم ایوب نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا!
پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ 10 فروری بروز منگل کو امریکا کے خلاف کھیلے گی ۔




