تہران: ایرانی آرمی چیف جنرل عبد الرحیم موسوی نے واضح کیا ہے کہ ایران کسی بھی جنگ کا آغاز نہیں کرے گا، تاہم ملک کے دفاع کیلئے مکمل تیار ہیں ۔
ایک حالیہ بیان میں جنرل عبد الرحیم موسوی نے کہا کہ ایران اپنی سرحدوں اور قومی مفادات کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کیلئے تیار ہے اور جو بھی ایران کے خلاف فوجی کارروائی کرے گا اسے بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:امریکی عدالت کا 5 سالہ بچے کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ
انہوں نے مزید کہا کہ ایران مخالف کسی بھی مہم جوئی کا نتیجہ دشمنوں کیلئے سٹریٹجک ناکامی کی صورت میں سامنے آئے گا ۔ انہوں نے اپنے بیان میں زور دیا کہ ایرانی فوج کی زمینی اور فضائی افواج کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں اور ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو کم نہیں سمجھا جا سکتا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:امریکی صدر نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے اگلے دور کی تصدیق کر دی
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور مغربی ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔ ایرانی قیادت کی جانب سے یہ دوٹوک پیغام ایک واضح انتباہ کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری اور علاقائی مفادات کی حفاظت کے لیے مضبوط موقف اختیار کرے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عمان مذاکرات کا پہلا دور مکمل،ایران نے یورینیم افزودگی روکنے کاامریکی مطالبہ مسترد کردیا
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کی فوجی تیاری اور دفاعی حکمت عملی خطے میں طاقت کے توازن پر اثر انداز ہو سکتی ہے ۔ جنرل موسوی کے بیان سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کسی جارحیت کی شروعات نہیں کرنا چاہتا لیکن اگر ضرورت پڑی تو ملک اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں دیر نہیں کرے گا ۔




