اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بلوچستان میں حالیہ دہشتگردانہ حملوں کے بعد اسلام آباد میں پیش آنے والے خودکش حملے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اور ریاست پاکستان سے واضح مطالبات کیے ہیں۔
شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ معصوم شہریوں کو مسلسل بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جسے مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ اُن کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے یہ واقعات ایک تسلسل کے ساتھ ہو رہے ہیں اور سوال یہ ہے کہ آخر کب تک صرف مذمتی بیانات اور ٹویٹس کے ذریعے حالات سے نمٹا جاتا رہے گا، جبکہ دہشتگردی کی لہر بڑھتی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں صائم ایوب نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا!
سابق کپتان نے ریاست پاکستان سے مطالبہ کیا کہ بیرونی مداخلت کے جن ثبوتوں کا بارہا ذکر کیا جاتا ہے، انہیں قوم کے سامنے لایا جائے تاکہ عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کیا جا سکے۔ اُنہوں نے زور دیا کہ قوم کو اعتماد میں لے کر دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے جو بھی اقدامات ضروری ہوں، وہ فوری طور پر کیے جائیں۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام مزید بے گناہ جانوں کے ضیاع کے متحمل نہیں ہو سکتے اور اب عملی اور فیصلہ کن اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اُن کا یہ بیان دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیشِ نظر فوری اور سخت ردعمل کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔




