فاروڈ کہوٹہ سے خواجہ بانڈی روڈ کامسئلہ آج حل کر دیا گیا

ضلعی محکمہ شاہرات کی انتھک محنت کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر فاروڈ کہوٹہ سے یونین کونسل بھیڈی درہ حاجی پیر/خواجہ بانڈی روڈ آج مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔ شدید برفباری کے باوجود اس مرتبہ روڈ کی بحالی غیر معمولی تیزی سے ممکن بنائی گئی جس کے لیے محکمہ شاہرات نے دن رات مسلسل کام کیا۔

گزشتہ دنوں شدید برفباری کے باعث پورے آزاد کشمیر سمیت مری اور کوہالہ کی اہم شاہراہیں بند ہو گئی تھیں۔ موسمی حالات کی سختی کے باوجود محکمہ شاہرات کی جانب سے روڈز کی بحالی کا کام بروقت شروع کر دیا گیا تھا، تاہم خراب موسم اور مسلسل برفباری کے باعث اس عمل میں وقت زیادہ صرف ہوا۔ اس دوران یونین کونسل بھیڈی روڈ کی بندش کے مسئلے پر وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور صاحب، ان کی ٹیم اور محکمہ شاہرات ضلع حویلی کے ذمہ داران کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں صائم ایوب نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا!

اس عرصے میں مشینری لسڈنہ، محمود گلی اور عباس پور روڈز کی بحالی پر دن رات مصروف رہی، جبکہ دیگر تحصیل ہیڈکوارٹرز کی سڑکوں کو بھی بحال کیا گیا۔ بحکم جناب وزیر اعظم آزاد کشمیر، فوری طور پر ڈوزر مشینیں ہاڑی موڑ سے علی آباد حاجی پیر/خواجہ بانڈی روڈ اور نیڑیاں سے سہبائی/اگیواس روڈ کی بحالی کے لیے روانہ کی گئیں۔

محکمہ شاہرات ضلع حویلی کے ذمہ دار افسران، ڈوزر آپریٹرز اور تمام ملازمین نے سخت موسمی حالات اور مشکلات کے باوجود دن رات محنت جاری رکھی، جس کے نتیجے میں خواجہ بانڈی تک روڈ کو بحال کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر اہلیانِ یونین کونسل بھیڈی کی جانب سے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور صاحب، ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید صاحب، محکمہ شاہرات ضلع حویلی کے ذمہ دار افسران، آپریٹرز اور دیگر ملازمین کا دلی طور پر شکریہ ادا کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ حویلی کے دیگر سیاسی نمائندوں اور یونین کونسل بھیڈی کے مقامی و اوورسیز بھائیوں کا بھی شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے اچھے اخلاقی اقدار اور انسانی ہمدردی کے تحت اس مسئلے پر آواز اٹھائی۔

مزید پڑھیں: صدرآزادکشمیر کے عہدہ کی دوڑ، بیرسٹر گروپ کی انٹری،قیادت کو واضح پیغام دیدیا

اہلیانِ یونین کونسل بھیڈی نے محکمہ شاہرات ضلع حویلی کے ذمہ دار افسران سے توقع ظاہر کی ہے اور ان کے ساتھ رابطے میں بھی ہیں کہ اب ڈوزر مشین نیڑیاں سے سہبائی/دلوالی/موھری/اگیواس روڈ پر لگا کر ان سڑکوں کو بھی بحال کیا جائے۔

Scroll to Top