میرپور : صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال پر وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام، وزیر اعظم پاکستان کے مشیر رانا ثناءاللہ اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ان کی قبر پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں، حاضری دینے والے وزراء اور سیاسی شخصیات نے صدر کی رہائش گاہ سلطان ہاؤس چیچیاں میں پہنچ کر ان کے صاحبزادگان وزیر حکومت چوہدری یاسر سلطان، چوہدری سعود سلطان اور وزیر توانائی چوہدری ارشد حسین سے تعزیت کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: صدر ریاست بیرسٹر سلطان کی تدفین کے بعد صدارت کے عہدے کیلئے سیاسی سرگرمیاں تیز
وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ اور وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے صدر آزاد جموں و کشمیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی اور مسئلہ کشمیر کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے بے پناہ سیاسی اور سفارتی خدمات انجام دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی رحلت سے کشمیری عوام ایک بڑے سیاستدان سے محروم ہوگئے ہیں، اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اعلیٰ روایات کے حامل لیڈر تھے جنہوں نے اپنی زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کی۔
مزید پڑھیں: صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود میرپور میں پورے سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک
اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزراء حکومت چوہدری یاسر سلطان، چوہدری ارشد حسین، سابق وزراء چوہدری محمد سعید، چوہدری رخسار احمد، میئر میونسپل کارپوریشن چوہدری عثمان علی خالد، ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے افسران اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔




