آزاد کشمیر میں 5G سروس کا آغاز، ڈیجیٹل انقلاب کی نئی راہیں کھلیں گی

آزاد کشمیر (عمر بھٹی راجپوت)اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کی جانب سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 5G سروس کا آغاز خطے کے لیے ایک خوش آئند اور تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس اقدام کو ڈیجیٹل انقلاب کی جانب ایک مضبوط قدم سمجھا جا رہا ہے، جس سے جدید ٹیکنالوجی تک عوام کی رسائی ممکن ہو سکے گی اور خطے میں ترقی کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔

تیز رفتار اور جدید انٹرنیٹ سروس کی فراہمی سے نہ صرف عوامی سہولیات میں اضافہ متوقع ہے بلکہ مجموعی طور پر سماجی اور معاشی ترقی کو بھی نئی رفتار ملنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق 5G ٹیکنالوجی مختلف شعبوں میں نمایاں تبدیلیاں لانے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس کے اثرات براہ راست عوامی زندگی پر مرتب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سست انٹرنیٹ کا حل کیا فائیو جی سروس ہے؟

تعلیم کے شعبے میں 5G سروس کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے طلبہ کو آن لائن کلاسز، ڈیجیٹل لائبریریز اور جدید تعلیمی پلیٹ فارمز تک بہتر اور تیز تر رسائی حاصل ہو سکے گی۔ اس سے نہ صرف تعلیمی معیار بہتر ہوگا بلکہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے طلبہ بھی جدید تعلیمی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

صحت کے شعبے میں بھی 5G ٹیکنالوجی کو انتہائی مؤثر قرار دیا جا رہا ہے۔ ٹیلی میڈیسن، آن لائن کنسلٹیشن اور ایمرجنسی سروسز کو بہتر بنانے میں 5G اہم کردار ادا کرے گی، جس کے نتیجے میں دور افتادہ علاقوں کے مریضوں کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

سیاحت کے شعبے میں بھی 5G سروس کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ تیز رفتار انٹرنیٹ کی بدولت سیاحوں کو آن لائن رہنمائی، ڈیجیٹل میپس، ہوٹل بکنگ اور دیگر سہولیات آسانی سے دستیاب ہوں گی، جس سے سیاحت کو فروغ ملے گا اور مقامی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا۔

اس کے ساتھ ساتھ تجارت اور کاروباری سرگرمیوں میں بھی نمایاں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے، جہاں آن لائن کاروبار، فری لانسنگ اور ای کامرس کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: 2029 تک ایک کروڑ گھروں تک تیز رفتار انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا ہدف مقرر

آزاد کشمیر کے شہریوں نے ایس سی او کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا اور گلگت بلتستان و آزاد کشمیر کو ڈیجیٹل طور پر ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے ہم پلہ لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ شہریوں کے مطابق 5G سروس کا آغاز مستقبل کی ضرورت ہے، جو خطے کی مجموعی ترقی میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔

Scroll to Top