عالمی شہرت یافتہ فوٹو جرنلسٹ کی کتاب ’’کشمیر ویٹ اینڈ سی‘ ‘کی نمائش شروع

بیلجیئم کے عالمی شہرت یافتہ فوٹو جرنلسٹ سدرک گربہائے کی جموں و کشمیر پر مبنی تصویری کتاب ’کشمیر ویٹ اینڈ سی‘ کی نمائش اسلام آباد میں شروع ہو گئی ہے۔ یہ نمائش نیشنل آرٹس کونسل میں 28 جنوری تک جاری رہے گی۔

افتتاحی تقریب میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، سینیٹر مشاہد حسین سید، اعلیٰ سیاسی و سماجی شخصیات، سفارتکار، دانشور اور طلبا نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: سدرک گربھائے کی کتاب ’’کشمیر ویٹ اینڈ سی‘‘ عالمی فیسٹیول میں پیش

نمائش میں بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی زندگی، جدوجہد اور ثقافت کو نمایاں کیا گیا ہے۔

کتاب کی تعارفی تقاریب 29 تا 31 جنوری مظفرآباد، یکم تا 3 فروری میرپور اور 5 تا 8 فروری لاہور میں بھی منعقد ہوں گی۔

کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید کے مطابق یہ کتاب کشمیری عوام کے حقوق اور ثقافت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔

یہ کتاب گرابھیے کی آٹھ سالہ تحقیق اور فوٹو جرنلزم کا عکاس ہے جو کشمیر کے تقسیم شدہ خطے میں انسانی زندگی کی حقیقت کو سامنے لاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں کتابوں پر پابندی : انورادھا بھسین نے مودی سرکار پر سوال اٹھا دیا

کتاب میں بھارتی قابض جموں و کشمیر، آزاد جموں و کشمیر، اور گلگت بلتستان کی زندگیاں اور کہانیاں شامل ہیں جن میں پیلٹ گن کے شکار افراد اور لائن آف کنٹرول کے کنارے زندگی گزارنے والی کمیونٹیز کی تصاویر شامل ہیں۔

Scroll to Top