مظفرآباد: جامعہ آزاد جموں و کشمیر میں یونیورسٹی مینجمنٹ کے لیے پانچ روزہ کیپیسٹی بلڈنگ پروگرام کا کامیابی سے اختتام ہو گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر جمال خٹک نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کی انتظامیہ میں پیشہ ورانہ صلاحیت، اخلاقی طرزِ عمل اور ادارہ جاتی جوابدہی کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران تربیتی پروگرامز کے ذریعے حاصل شدہ مہارتوں کو عملی طور پر بروئے کار لائیں تاکہ گورننس اور سروس ڈیلیوری میں بہتری آئے۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ باصلاحیت اور تربیت یافتہ انتظامی کیڈر کے بغیر جامعات مؤثر انداز میں اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے ہائیرایجوکیشن کمیشن کے پیشہ ورانہ ترقی کے اقدامات کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ اقدامات انتظامی معیار کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: حلقہ ایل اے 6 سماہنی میں درجنوں افراد ن لیگ میں شامل
یہ پروگرام جامعہ کشمیر اور نیشنل اکیڈمی آف ہائیر ایجوکیشن اسلام آباد کے اشتراک سے منعقد ہوا اور اس کا مقصد جامعہ کے 25 انتظامی افسران کی استعداد کار میں اضافہ تھا۔ پروگرام کے دوران ملک کے نامور ٹرینرز اور ریسورس پرسنز نے مختلف موضوعات پر لیکچرز دیے، تاکہ شرکاء کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہو اور وہ عملی زندگی میں ان مہارتوں کو بروئے کار لا سکیں۔
تربیتی پروگرام کے آرڈینیٹر سردار ظفر اقبال نے جامعہ کے شعبہ منصوبہ بندی و ترقیات، ریسورس پرسنز اور انتظامی عملے کا شکریہ ادا کیا۔ شرکاء کی نمائندگی کرتے ہوئے افشاں منیر قادری اور زیشان ضیاء عباسی نے پروگرام کو ایک مفید تجربہ قرار دیتے ہوئے جامعہ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
اختتامی تقریب کی نظامت آفیسر تعلقات عامہ ڈاکٹر مبشر نقوی نے کی جبکہ رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سعادت حنیف ڈار اور ڈائریکٹر پلاننگ پروفیسر ڈاکٹر انصر یاسین بھی تقریب میں موجود رہے۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں اور معاون عملے کو بھی تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: چوہدری شیراز شفیع کوبرمنگھم یونیورسٹی سے ماسٹر ڈگری مل گئی
یہ پروگرام جامعہ کی انتظامی استعداد بڑھانے، پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دینے اور انتظامی عملے میں اخلاقی و ادارہ جاتی جوابدہی کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔




