سگریٹ فیکٹریوں میں ٹیکس چوری روکنے کیلئےٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کا فیصلہ

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اسلام آباد ہیڈکوارٹرز میں جامع اور اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزادکشمیر میں قائم سگریٹ ساز کمپنیوں پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم (TTS) کے نفاذ سے متعلق اہم پالیسی، انتظامی اور تکنیکی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس کو نہایت اہمیت کا حامل قرار دیا گیا، جس کے دوران اس کے حوالے سے نمایاں اور مثبت پیش رفت سامنے آئی۔

ترجمان محکمہ ان لینڈ ریوینیو کے مطابق اجلاس میں حکومت آزاد جموں وکشمیر کی جانب سے کمشنر انلینڈ ریونیو (ساؤتھ زون)سید انصرعلی اور ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو نے سید علی اصغرنے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: ان لینڈ ریونیو کی بڑی کارروائی،لاکھوں روپے کے غیر قانونی سگریٹ برآمد

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے پروجیکٹ ڈائریکٹر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم (TTS) جاوید اقبال تارڑاور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم مسٹر خالد نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے مختلف پہلوؤں کو سنجیدگی سے زیر غور لایا گیا ۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں سگریٹ کی پیداوار، ترسیل اور فروخت کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مؤثر نگرانی میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم جاوید اقبال تارڑنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم ایک جدید، مربوط اور شفاف نظام ہے، جس کے ذریعے سگریٹ مصنوعات کی ریئل ٹائم بنیادوں پر الیکٹرانک مانیٹرنگ اور ویجیلنس ممکن بنائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس نظام کے نفاذ سے نہ صرف ٹیکس وصولیوں میں شفافیت اور اضافہ ہوگا بلکہ غیر قانونی پیداوار، ٹیکس چوری اور اسمگلنگ کی مؤثر روک تھام بھی ممکن ہو سکے گی۔

ایف بی آر کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے ساتھ ہونے والی اس ملاقات کے دوران ایک ایگریڈ ڈرافٹ پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔

یہ ڈرافٹ آزاد جموں وکشمیر کے سگریٹ ساز کمپنیوں کے نمائندگان کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں ان کی باہمی مشاورت اور رضامندی (کنسنٹ) کے بعد شیئر کیا گیا تھا، جسے بعد ازاں پروجیکٹ ڈائریکٹر کے ساتھ بھی زیر غور لایا گیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مذکورہ ایگریڈ ڈرافٹ کو تمام پہلوؤں سے مناسب طور پر کنسیڈر کیا جائے گا اور حتمی جانچ پڑتال کے بعد اسے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی منظوری کے لیے بھجوا دیا جائے گا۔

اس پیش رفت کو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے عملی نفاذ کی جانب ایک اہم اور فیصلہ کن قدم قرار دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مثبت اور عملی پیش رفت ہو چکی ہے۔اجلاس میں اس بات سے بھی آگاہ کیا گیا کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کے لیے مجوزہ لائسنس کے حوالے سے عالمی شہرت یافتہ ادارے اتھینٹکس (AJCL Authentix Mitas)سے ملکر بہت جلد اس کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

معاہدے کی تکمیل کے بعد اسے باقاعدہ طور پر نافذ کیا جائے گا، جس کے لیے ایک رسمی سائننگ تقریب (Signing Ceremony) کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی۔

تقریب میں فیڈرل بورڈ آف ریوینیو حکومت پاکستان، آزادحکومت کے اعلیٰ عہدیداران، سیاسی و حکومتی شخصیات، مجوزہ لائسینسی اورآزاد جموں وکشمیر کی سیگریٹ ساز کمپنیوں کے نمائندگان بھی شرکت اختیار کریں گے۔

اجلاس کے شرکاء نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ معاہدے کے حتمی ہونے کے نتیجے میں آزاد جموں و کشمیر میں قائم تمام سگریٹ ساز کمپنیوں پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نافذالعمل ہو جائے گا جس کے ذریعے سگریٹ مصنوعات کی بہتر، مؤثر اور ریئل ٹائم الیکٹرانک مانیٹرنگ کو عملی شکل دی جا سکے گی۔

اس نظام کے تحت پیداوار کے ہر مرحلے پر نگرانی ممکن ہوگی جو ریونیو کے تحفظ اور قانون کے یکساں نفاذ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: سگریٹ سمگلنگ سکینڈل میں اہم پیشرفت،ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو معطل ،انکوائری شروع

ان لینڈ ریونیو کے ترجمان نے اس موقع پر کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو آزاد جموں و کشمیر سمیت پورے ملک میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کے لیے پرعزم ہے، اور اس قومی منصوبے کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام ضروری انتظامی، قانونی اور تکنیکی اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ آزادکشمیر میں قائم سگریٹ فیکٹریوں میں ٹیکس چوری کی باتیں زبان زد عام ہے کہ یہاں سگریٹ فیکٹریوں میں ٹیکس چوری کی جاتی، اس حوالے سے ان لینڈ ریونیو نے کئی بار سگریٹس ضبط بھی کئے ہیں او ر فیکٹریوں کیخلاف بھی ایکشن لیا ہے۔

Scroll to Top