برفباری

ضلع حویلی اورگردونواح میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری

فارورڈ کہوٹہ (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)ضلع حویلی میں شدید سردی کی لہر کے ساتھ صبح تقریباً 4 بجے سے ضلعی ہیڈکوارٹر اور گردونواح میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔

تازہ اطلاعات کے مطابق اب تک مختلف علاقوں میں 5 سے 6 انچ تک برف پڑ چکی ہے، جس کے باعث نظامِ زندگی بُری طرح متاثر ہو گیا ہے ۔

شدید برفباری کے نتیجے میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر گیا ہے اور سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔

برفباری کے باعث لسڈنہ تا حویلی مرکزی شاہراہ مکمل طور پر بند ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے مسافر گاڑیاں اور مال بردار ٹریفک متاثر ہو گئی ہے ۔

سڑک بند ہونے سے نہ صرف مقامی آبادی بلکہ دیگر اضلاع سے آنے جانے والے مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

متعدد مقامات پر برف کی موٹی تہہ جم جانے سے پھسلن پیدا ہو گئی ہے، جس کے باعث حادثات کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں برفباری کے باعث بجلی کا طویل بریک ڈاؤن، شہری مشکلات کا شکار

دوسری جانب برفباری کے باعث ضلع کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو چکی ہے ۔

بجلی بند ہونے سے شہریوں کو گھریلو امور، موبائل فون چارجنگ اور دیگر ضروری کاموں میں شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔

سرد موسم میں بجلی کی بندش نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، خصوصاً بچے، بزرگ اور مریض افراد زیادہ متاثر ہو رہے ہیں ۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق برف ہٹانے والی مشینری کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور مرکزی شاہراہوں کو بحال کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں ۔

انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم بہتر ہونے تک احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر، بارش ،برفباری کا سلسلہ جاری،آسمانی بجلی گرنے سے گھر خاکستر

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں تک برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

Scroll to Top