آزاد کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران تحصیل دھیرکوٹ کے نواحی گاؤں چمیاٹی میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث ایک رہائشی گھر میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں گھر میں موجود سامان جل کر خاکستر ہو گیا، تاہم خوش قسمتی سے گھر کے تمام مکین محفوظ رہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے گھر کو شدید نقصان پہنچا۔ واقعے کے وقت گھر کے باہر کھڑی گاڑی اور لکڑیاں بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئیں اور مکمل طور پر جل گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر :بارش،برفباری کا سلسلہ شروع، ایس ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
مقامی افراد کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے پورا گھر آگ کے شعلوں میں نظر ہو گیا، تاہم بروقت احتیاط کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب شدید برفباری کے باعث باغ کے اہم رابطہ راستے بھی متاثر ہیں۔ سدھن گلی اور لسڈنہ حویلی روڈ پر برف جم جانے کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہو گئی تھی ۔
تاہم محکمہ شاہرات کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے برف میں پھنسنے والی گاڑیوں کو نکال لیا اور سڑک کھولنے کی کوششیں جاری ہیں۔
وادی نیلم میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے متعدد شاہراہیں بند ہو گئی ہیں جبکہ انتظامیہ نے سیاحوں کو مقامی لوگوں کو سفرسے گریز کی ہدایت کی ہے جبکہ مشینری بھی الرٹ رکھی گئی ہے۔
ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 21 سے 24 جنوری کے دوران ایک طاقتور مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا۔
اس سسٹم کے باعث بارش اور برفباری میں مزید اضافہ جبکہ دریائے کابل سے منسلک ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں تیزی آ سکتی ہے۔
اسی دوران بلوچستان کے علاقے زیارت میں قومی شاہراہ ایک کنٹینر کے سلپ ہونے کے باعث بند ہو گئی، جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں سیاح اور مسافر راستے میں پھنس گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر اورخیبرپختونخوا میں بارش و برفباری کی پیشگوئی، فلیش فلڈ کا خدشہ
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام پھنسے ہوئے مسافروں اور سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ کو صبح تک مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا، جس کے بعد ٹریفک کی روانی دوبارہ بحال ہو سکے گی۔




