آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا،سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری

مظفر آباد (کشمیر ڈیجیٹل )آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے، ریاستی دارالحکومت مظفرآباد میں حالیہ بارش اور برف باری کے بعد دھوپ نکل آئی تاہم سردی کی شدت ابھی تک برقرار ہے جبکہ سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی بھی جار ی ہے۔

مظفر آباد، راولا کوٹ، میر پور ،باغ، حویلی اور دیگر علاقوں میں کہیں دھوپ اور کہیں بادل ہیں ،مظفر آباد ، راولاکوٹ، کوٹلی، میرپور ،سماہنی ، بھمبر ،ہٹیاں میں گزشتہ روز موسلا دھار بارش جبکہ وادی نیلم،پیرچناسی،مکڑا پہاڑسمیت دیگرپہاڑوں پر برفباری ہوئی جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا تاہم آج بارش اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے ،آزاد کشمیر کی تمام رابطہ سڑکیں بھی کھلی ہوئی ہیں ،شہریوں کی آمد ورفت جاری ہے ۔  واد ی نیلم اور دیگر علاقوں میں گزشتہ روز برفباری اور بارش نے جاتی ہوئی سردی کو روک لیا ،آج دھوپ نکل آئی لیکن گزشتہ روز ہونے والی برف باری کے باعث سردی کی شدت تاحال برقرار ہے ۔

پاکستان کے مختلف علاقوں اسلام آباد ، راولپنڈی لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع سے بارشوں کا سسٹم نکل گیا جس کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں دھوپ نکل آئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش پیدا کرنے والا سسٹم بننے کے بعد خشک موسم دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری کمی سے 10 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔

Scroll to Top