محسن عزیز کے مختلف یونین کونسلز کے طوفانی دورے،مسائل حل کی یقین دھانی

حویلی(کشمیر ڈیجیٹل)مرکزی نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) چوہدری محسن عزیز نے حویلی کی مختلف یونین کونسلوں اور دیہات کا تفصیلی دورہ کیا۔

ان میں یونین کونسل بھیڈی، بھیڈی مغلاں، کائیاں، بیاڑاں، موٹاں والی، ڈوبہ، خواجہ بانڈی، سرجیواڑ، اگھیواس، موہری، دلووالی، سبھائی اور حیدرآباد شامل ہیں۔

اس دورے کا مقصد حالیہ دنوں میں وفات پانے والے افراد کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت اور ان کے غم میں شریک ہونا تھا۔

چوہدری محسن عزیز نے مختلف مقامات پر مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

انہوں نے سوگوار خاندانوں سے ملاقات کے دوران ان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کے دکھ سکھ میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کی اخلاقی اور سماجی معاونت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

دورے کے دوران مقامی عمائدین، پارٹی کارکنان اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے چوہدری محسن عزیز کو اپنے مسائل اور تجاویز سے آگاہ کیا۔

انہوں نے عوام کے مسائل غور سے سنے اور یقین دہانی کرائی کہ انہیں متعلقہ فورمز پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور مرحومین کے درجات بلند فرمائے، جبکہ علاقے میں امن، بھائی چارے اور خوشحالی قائم رکھے۔

Scroll to Top