کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان

ملک بھر میں ایک بار پھر موسم کی صورتحال میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے کیونکہ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 21 جنوری 2026 سے ایک طاقتور بارش کا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگا۔

اس موسمی نظام کے زیرِ اثر مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہوائیں، گرج چمک اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں شدید سردی اور دھند بھی برقرار رہنے کی توقع ہے۔

آزاد کشمیر کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر میں درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ بارش کا امکان 10 فیصد بتایا گیا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 26 فیصد ہے اور ہواؤں کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ آئندہ دنوں میں کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی مقامات پر ہلکی برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ملک میں سولر پینلز کی قیمتوں میں اضافے سے صارفین تشویش کا شکار 

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ پنجاب کے میدانی علاقوں، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے بعض حصوں میں معتدل سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر رات اور صبح کے اوقات میں دھند کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، جس سے ٹریفک اور روزمرہ سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔

موسمیاتی رپورٹ کے مطابق 21 جنوری 2026 سے کشمیر ، گلگت بلتستان،خیبرپختونخوا، مری، گلیات اور اسلام آباد میں بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک اور برفباری کے ساتھ موسمی صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔ ان علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی دوران خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے شہریوں، مسافروں اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھند، بارش اور برفباری کے باعث ممکنہ مشکلات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسم کی تازہ صورتحال پر نظر رکھیں۔

Scroll to Top