ڈھا کہ (کشمیر ڈیجیٹل )بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ٹی 20ورلڈ کپ 2026کیلئے اپنی قومی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے پر بدستور قائم ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے بی سی بی نے ڈھا کہ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے وفد کے ساتھ ہونے والی اہم ملاقات کا باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے ۔
اعلامیے کے مطابق آئی سی سی کے وفد کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں بنگلہ دیش کی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
بی سی بی نے ایک مرتبہ پھر آئی سی سی کے سامنے یہ باضابطہ درخواست رکھی کہ بنگلہ دیش کے ورلڈ کپ میچز بھارت کے بجائے کسی دوسرے مقام پر منتقل کیے جائیں ۔
کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ مطالبہ سکیورٹی خدشات اور حکومتی ہدایات کی روشنی میں کیا جا رہا ہے ۔ بی سی بی کے مطابق ملاقات کے دوران آئی سی سی کے وفد کو بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات اور سکیورٹی سے متعلق تحفظات سے مکمل طور پر آگاہ کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کرکٹ کی دنیا میں نئی تاریخ رقم،231 سالہ ریکارڈ بھی توڑدیا
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام گفتگو تعمیری، خوشگوار اور پیشہ ورانہ ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں فریقین نے کھل کر اپنے مؤقف پیش کیے ۔
مزید بتایا گیا ہے کہ لاجسٹک اور انتظامی معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس امکان پر بھی بات چیت ہوئی کہ بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ کے کسی دوسرے گروپ میں شامل کیا جا سکتا ہے تاکہ سفری اور سکیورٹی مسائل سے بچا جا سکے ۔
اعلامیے کے مطابق آئی سی سی کے وفد میں جنرل منیجر ایونٹس اینڈ کارپوریٹ کمیونیکیشنز گوروو سکسینہ اور جنرل منیجر انٹیگریٹی یونٹ اینڈریو ایفرگریو شامل تھے ۔ گوروو سکسینہ کو ویزا تاخیر سے ملنے کے باعث اجلاس میں آن لائن شرکت کرنا پڑی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:محسن نقوی کا پی ایس ایل کھلاڑیوں کے معاوضے بڑھانے کا مشورہ
بی سی بی اور آئی سی سی نے اس معاملے پر مشاورت اور مذاکرات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ دونوں فریقین کے لیے قابلِ قبول حل تلاش کیا جا سکے ۔



