جاں بحق

کراچی، گل پلازہ کی دکانوں میں آتشزدگی، 3 افراد جاں بحق، 15 زخمی

کراچی: ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ، جس کے نتیجے میں دم گھٹنے سے 3 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے، جبکہ متعدد افراد کے تاحال عمارت میں پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں ۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے کے باعث عمارت میں شدید دھواں پھیل گیا ، جس کی وجہ سے کئی افراد بے ہوش ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا، جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے ۔

چیف فائر آفیسر کے مطابق آگ نے گراؤنڈ فلور پر موجود تمام دکانوں اور گوداموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے بعد آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں سے فائر ٹینڈرز طلب کرلیے گئے۔ عمارت میں پھنسے افراد کو نکالنےکیلئے اسنارکل کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ تیزی سے پھیلتے ہوئے تیسری منزل تک پہنچ چکی ہے جبکہ گل پلازہ میں بیسمنٹ مارکیٹ بھی موجود ہے، جس کے باعث ریسکیو کارروائی میں دشواری کا سامنا ہے ۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان حسان الحسیب خان نے بتایا کہ گل پلازہ کے قریب دکانوں میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوتے ہی سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول نے فائر اینڈ ریسکیو ٹیموں کو ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ گاڑیوں کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ روانہ کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آگ پر قابو پانے کی کوششیں تاحال جاری ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر قوم کے ہیرو، کشمیری عوام کا خراج تحسین

دوسری جانب واٹر کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا کہ آتشزدگی کے واقعے پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی درخواست پر فوری طور پر پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ۔ سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی کی ہدایت پر نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔

ترجمان کے مطابق واٹر ٹینکرز فوری طور پر جائے وقوعہ روانہ کر دیے گئے ہیں جبکہ انچارج ہائیڈرنٹس سیل محمد صدیق تنیو فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں ۔ فوکل پرسن سی ای او برائے ہائیڈرنٹس سیل شہباز بشیر خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ آگ بجھانے کے عمل میں بلا تعطل پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے ۔

واٹر کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آگ پر مکمل قابو پانے تک واٹر ٹینکرز کی فراہمی جاری رہے گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ریسکیو اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا ۔

ادھر وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری ریسکیو اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل ٹریفک راستے قائم کرنے اور فائر بریگیڈ گاڑیوں کی رسائی یقینی بنانے کا حکم دیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایران کی بڑی کارروائی، بھارتی بحری جہاز پکڑ لیا،16 اہلکار گرفتار

وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی کہ واقعے کی مکمل تحقیقات اور تفتیش کرکے آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جائے، عمارت کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جائے اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔

Scroll to Top