شاہ غلام قادر کی دھمکی کام کر گئی، وزیراعظم نے باب سکندر بورڈ اتارنے کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد: سابق صدر ، وزیراعظم سالار جمہوریت سردار سکندر حیات کا کوٹلی میں باب سکندر کے نام سے لگایا گیا بورڈ اتارنے پر مسلم لیگ ن کے سخت ردعمل پر وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے نوٹس لے لیا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ سابق صدر ریاست و وزیراعظم سردار سکندر حیات مرحوم کے نام سے منسوب گیٹ کا بورڈ اتارے جانے کے حوالہ سے سوشل میڈیا پر وائرل خبر کا نوٹس لے لیا ہے اور انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور مئیر کوٹلی کا اظہار تھا کہ سردار سکندر حیات مرحوم سے منسوب گیٹ کا بورڈ گزشتہ اپریل میں بارش اور آندھی کی وجہ سے پھٹ کر گر چکا تھا۔

نیا بورڈ لوکل گورنمنٹ بورڈ کی ہدایت پر اس سے پچاس فٹ دورلگایا گیا تھا جس کے اوپر وزیرا عظم آزاد کشمیر کے مجوزہ دورہ کے سلسلہ میں استقبالی بینر لگایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: صدر بیرسٹرسلطان، وزیراعظم فیصل راٹھور کی خرابی صحت،دعا کی اپیل

سردار سکندر حیات مرحوم کے نام کا بینر اتارنے کی خبر خلاف حقائق ہے جس پر وزیر اعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سردار سکندر حیات سے منسوب گیٹ پر انہی کے نام کا نیا بینر فوری طور پر لگایا جائے

انہوں نے کہا کہ سردار سکندر حیات ایک قومی راہنما تھے خطہ اور حکومت انکی خدمات کی معترف ہے ان سمیت کسی بھی راہنما جو اس دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں ان کے نام پر سیاست کیے جانے سے اجتناب کیا جانا چاہیے۔

بورڈ دوبارہ نہ لگایا گیا تو وزیراعظم کو دورہ پر مشکلات ہوں گی، شاہ غلام قادر

مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے صدر، اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر نے با ب سکندر بورڈ اتارنےپر ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ سردار سکندر حیات خان صدر ریاست 2 بار وزیراعظم رہے ،تعمیر و ترقی کے ہیرو ہیں، انتظامیہ ہوش کے ناخن لے۔

شاہ غلام قادر نے ڈیڈلائن دیتے ہوئے کہا تھا کہ بورڈ دوبارہ نہ لگایا گیا تو آزادکشمیر کے وزیراعظم کو کوٹلی آنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

بورڈ اتارنے کا حکم  میں نے نہیں دیا، چوہدری یاسین کی وضاحت

صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ سالارِ جمہوریت سردار سکندر حیات خان مرحوم ہمارے لئے قابل احترام ہیں اور رہیں گے۔ سردار سکندر حیات خان مرحوم نہ صرف ضلع کوٹلی بلکہ پوری ریاست آزاد جموں و کشمیر کے ایک قومی ہیرو تھے۔

مجھ سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کا ہر اک ورکر اپنے قومی ہیروز کی تضحیک کا سوچ بھی نہیں سکتا ہم جمہوری لوگ ہیں اور رواداری کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بلدیہ کوٹلی کی حدود گلہار کالونی کے نزدیک ایک بورڈ پر تصاویر آویزاں کرنے پر مسلم لیگ ن کے صدر، سینئر و جونیئر لیڈر شپ سمیت متعدد ن لیگی ورکرز کی طرف سے یہ الزام عائد کیا جو سوشل میڈیا سمیت دیگر فورمز پر زبان زدِ عام ہے کہ میں نے بلدیہ کوٹلی کے مئیر یا چیف افسر کو باب سکندر بورڈ اکھاڑ نے کا کہاغلط ہے۔

اس ضمن میں ن لیگ کی مرکزی قیادت نے بھی حقائق جانے بغیر ہی غیر سنجیدہ بیان بازی کی اور ضلع کوٹلی سمیت آزاد کشمیر بھر کے عوام میں اشتعال پیدا کردیا۔

گزارش یہ ہے کہ سردار سکندر حیات کیساتھ ساتھ غازی ملت سردار ابراہیم خان، کے ایچ خورشید، مجاہد اول سردار عبد القیوم خان، چوہدری نور حسین جیسی قدر آور سیاسی شخصیات بھی ہمارے لئے قابل احترام ہیں اور رہیں گی مگر پاکستان پیپلز پارٹی ہر ایک کارکن مجھ سمیت اپنی قومی شخصیات کی عزت و تکریم پامال کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا نہ ہمارے ہاں ایسی سوچ پائی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ عزت کے لیے سیاست کرتے ہیں اور مد مقابل سیاست دانوں سمیت جملہ مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے عام آدمی کی بھی عزت نفس کا احترام کرتےہیں۔

جہاں تک باب سکندر کی بات ہےتو ڈپٹی کمشنر کوٹلی، ایس ایس پی کوٹلی سمیت دیگر انتظامی افسران بھی اس معاملے سے متعلق معلومات و حقائق جانتے ہیں وہ اس کی وضاحت بھی کریں گے اور عوام کو آگاہ بھی کریں گے جو انکی زمہ داری بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت ایکشن کمیٹی سے فوری اور سنجیدہ مذاکرات کرے: شاہ غلام قادر

انہوں نے کہاکہ مختصراً عرض کروں گا کہ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور صاحب وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار مدینۃ المساجد کوٹلی تشریف لارہے ہیں جہاں وہ عوامی مفاد عامہ کے ضروری پراجیکٹس کا اعلان کریں گے۔

بطور میزبان مجھ سمیت ضلع کوٹلی کے ہر باسی کا یہ اخلاقی فرض ہے کہ ہم اپنے وزیر اعظم کے دورہ کوٹلی پر ان کا خیر مقدم کریں اور دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندگان و ورکرز بھی جذبہ خیر سگالی کا عملی مظاہرہ کریں۔

صدر پی پی نے کہا کہ باب کوٹلی بورڈ جو آندھی طوفان کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوا اور اپنی اصل جگہ پر زبوں حالی کا شکار ہے اور ایک طرف سے ٹوٹ کر اپنے ہی بیس پلر کی دوسری طرف لٹکا واضح نظر آرہا ہے اسے میں خود دوبارہ از سرے نو آرائش کے بعد نصب کرواؤں گا اور یہ ہمارا اخلاقی حق بھی ہےمگر تندو تیز بیانات دے کر پرامن ماحول کو متشدد بناکر سستی شہرت حاصل کرنے اور حالات کو خراب کرکے مذموم مقاصد کی تکمیل کا خواب دیکھنے والے محتاط رہیں۔

Scroll to Top