پاکستان اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ اس معاہدے کا مقصد جدید ڈیجیٹل ادائیگی نظام اور سرحد پار مالیاتی جدت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں اس موقع پر وزیراعظم نے ورلڈ لبرٹی فنانشل، امریکہ کے وفد سے ملاقات کی جس کی قیادت چیف ایگزیکٹو آفیسر زکری وٹکوف کر رہے تھے۔ اس اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفد کو ڈیجیٹل پاکستان کے وژن سے آگاہ کیا اور کہا کہ ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی، شفافیت اور عوامی رسائی حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں اور مالیاتی جدت ملک کی ڈیجیٹل معیشت کا اہم حصہ ہیں اور پاکستان کی ڈیجیٹل مالیاتی منڈیوں میں بڑھتی ہوئی عالمی دلچسپی خوش آئند ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تیزی سے عالمی ڈیجیٹل فنانس کا حصہ بنتا جا رہا ہے۔
اس موقع پر زکری وٹکوف نے پاکستان میں محفوظ اور شفاف ڈیجیٹل ادائیگی نظام میں تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پالیسی فریم ورک ملک کو عالمی ڈیجیٹل معیشت میں ایک مضبوط امیدوار کے طور پر اجاگر کر رہا ہے۔ انہوں نے نیکسٹ جنریشن ڈیجیٹل ادائیگیوں اور سرحد پار مالیاتی جدتوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کابینہ نے 7 محکموں کو ختم کر کے ضم کر دیا
اعلامیے کے مطابق حکومت پاکستان اور ایس سی فنانشل ٹیکنالوجیز ایل ایل سی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے دستخط کیے۔ یہ معاہدہ پاکستان میں ڈیجیٹل کرنسی، ورچوئل اثاثہ جات اور سرحد پار مالیاتی نظام کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔




