بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت خواتین اور کم عمر بچوں کی صحت بہتر بنانے کے لیے نشوونما پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس پروگرام کا مقصد حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی ماؤں اور دو سال سے کم عمر بچوں کو مالی امداد کے ساتھ ساتھ غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کرنا ہےتاکہ ماں اور بچے کی صحت مند نشوونما کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: بی آئی ایس پی مستحق خاندانوں کی بڑی مشکل حل، اہم اعلان کردیا گیا
حکام کے مطابق نشوونما پروگرام کے تحت وہ خواتین استفادہ حاصل کر سکتی ہیں جو پہلے سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ ہوں۔
پروگرام میں صرف حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی مائیں اور پیدائش کے بعد 23 ماہ تک کے بچے شامل کیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد ابتدائی عمر میں بچوں کی بہتر نشوونما اور خواتین کی صحت کو مضبوط بنانا ہے۔
رجسٹریشن کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ خواہشمند خواتین اپنے متعلقہ تحصیل یا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال میں قائم نشوونما مراکز سے رابطہ کر سکتی ہیں۔
رجسٹریشن کے لیے نادرا کا قومی شناختی کارڈ، بچے کا ب فارم اور حفاظتی ٹیکوں کا کارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے، تاکہ مستحق افراد کی درست نشاندہی ممکن ہو سکے۔
مالی معاونت کے تحت حاملہ خواتین کو ہر تین ماہ بعد 2500 روپے فراہم کئے جائیں گے۔
بچے کی پیدائش کے وقت بیٹے کی صورت میں 2500 روپے جبکہ بیٹی کی پیدائش پر 3000 روپے دیے جائیں گے، جس میں 500 روپے سفری اخراجات بھی شامل ہیں۔
یہ مالی مدد بچے کی عمر دو سال ہونے تک مرحلہ وار جاری رہے گی۔
اس کے علاوہ نشوونما پروگرام میں شامل خواتین اور بچوں کو غذائیت سے بھرپور خوراک بھی فراہم کی جائے گی، تاکہ ماں اور بچے کی جسمانی اور ذہنی نشوونما بہتر بنائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: حویلی ،بی آئی ایس پی سے سینکڑوں مستحقین خارج،معاشی بحران کا شکار
حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ مالی اور غذائی معاونت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دی جانے والی عام مالی امداد سے الگ اور اضافی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نشوونما پروگرام سے مستحق خاندانوں کی معاشی مشکلات کم ہوں گی اور ماں و بچے کی صحت کے اشاریوں میں بہتری آئے گی، جو مجموعی طور پر معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔




