امریکی ٹیکنالوجی ماہر اور ارب پتی بزنس مین ایلون مسک نے اپنا جدید ترین مصنوعی ذہانت (AI) ماڈل Grok 3 متعارف کرا دیا ہےجسے وہ اب تک کا سب سے ذہین ترینAI ماڈل قرار دے رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گروک 3 نے DeepSeek، Gemini 2 Pro، Claude 3.5 Sonnetاور ChatGPT 4.0 جیسے مشہور AI ماڈلز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ لائیو ڈیمونسٹریشن کے دوران اس ماڈل نے کوڈنگ، ریاضی، اور سائنسی تجزیے کے میدان میں سارے اے آئی ٹولز کو شکست دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گروک 3 میں نیا ‘ڈیپ سرچ’ ٹول بھی شامل کیا گیا ہے جو صارفین کو سوالات کے جوابات دیتے وقت اپنی منطق کی وضاحت کرتا ہے اورروایتی سرچ انجنز کے مقابلے میں مفصل اور بہتر جوابات فراہم کرتا ہے۔ گروک 3 کی کوڈنگ صلاحیت بھی غیرمعمولی ہے جسے کمپنی نے اپنے انجینئرز کے کام کو تیز اور مؤثر بنانے کے لیے استعمال کیا ہے۔
فی الحال گروک 3 صرف ‘ایکس’ (X) کے پریمیئم پلس صارفین کے لیے دستیاب ہے جبکہ ایلون مسک نے اشارہ دیا ہے کہ مستقبل میں اس کا ایک وائس بیسڈ ورژن بھی متعارف کرایا جائے گا جو مزید سہولت فراہم کرے گا۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ کیا اسے محدود فیچرز کے ساتھ مفت ریلیز کیا جائے گا یا نہیں۔
ایلون مسک نے گروک 3 کی مسلسل بہتری کا وعدہ کیا ہے اور کہا ہے کہ صارفین روزانہ کی بنیاد پر اس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری محسوس کریں گے۔
کیا گروک 3 واقعی AI کی دنیا میں انقلاب برپا کر سکتا ہے؟ یہ وقت ہی بتائے گا!