خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق گزشتہ رات تھانہ ڈومیل کی حدود میں واقع کاشو پل پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے اچانک چاروں اطراف سے حملہ کیا، جس کے بعد پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ دہشتگردوں نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے لیے اسنائپر رائفل کا بھی استعمال کیا، تاہم پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ پولیس کی مؤثر فائرنگ کے نتیجے میں دہشتگرد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے، جبکہ واقعے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
حملے کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن کیا تاکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کو گرفتار کیا جا سکے۔ سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور اہم مقامات پر پولیس نفری میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کیلئے سیاسی فضا موجود ، ترجمان پاک فوج
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف سی ٹی ڈی کی کارروائیاں بھی جاری ہیں، جن کے دوران مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 8 فتنہ الخوارج دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے ٹپوسانو باچا قبرستان میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 دہشتگرد مارے گئے۔ اسی طرح ضلع خیبر کے علاقے شاہ کس میں ایک اور کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد انجام کو پہنچ گئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور دیگر دہشتگردانہ کارروائیوں میں مطلوب تھے۔ کارروائی کے بعد فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: لکی مروت اور بنوں میں فائرنگ، 4 پولیس اہلکار شہید
سیکیورٹی حکام نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کو خراب کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی اور دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں تاکہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔




