اسلام آباد:ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے باعث عوام کے لیے مشکلات میں مزید بڑھ گئی ہیں ۔
وفاقی ادارہ شماریات کی تازہ رپورٹ کے مطابق صرف ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت مختلف شہروں میں 40 روپے سے لے کر 590 روپے تک بڑھ گئی ہے ۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آٹے کا 20 کلو تھیلا سب سے زیادہ مہنگا ہو کر 2,893 روپے 33 پیسے تک پہنچ گیا ہے ۔ راولپنڈی میں یہ قیمت 2,866 روپے 47 پیسے ، جبکہ پشاور میں 2,850 روپے تک پہنچ گئی ہے ۔ دیگر شہروں ، بنوں میں 2,800 روپے، کوئٹہ میں 2,660 روپے اور کراچی میں 2,600 روپے تک فروخت ہو رہا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت2500 روپے سے تجاو ز، شہری پریشان
ایک ہفتے کے دوران سب سے زیادہ اضافہ سرگودھا میں ریکارڈ کیا گیا، جہاں آٹے کی قیمت میں 590 روپے کا اضافہ ہوا ۔ ملتان میں 226 روپے 66 پیسے، خضدار میں 200 روپے، بہاولپور میں 163 روپے 33 پیسے اور کوئٹہ میں 140 روپے اضافہ دیکھا گیا ۔ گوجرانوالہ میں قیمت 134 روپے بڑھی جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں 120 روپے تک اضافہ ہوا ۔
اسی طرح کراچی، پشاور، سکھر اور لاڑکانہ میں آٹے کی قیمت میں 100 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، حیدرآباد اور سیالکوٹ میں 80 روپے، بنوں میں 50 روپے اور لاہور میں 40 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ،قیمت1720 روپے تک پہنچ گئی
عوام کا کہنا ہے کہ آٹے کی بڑھتی قیمتوں نے پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے گھریلو بجٹ کو مزید متاثر کیا ہے ۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں صرف تین ہفتوں میں آٹے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ!




