مظفرآباد:آزاد کشمیر میں گاڑیوں و موٹرسائیکلز کی رجسٹریشن اور موٹر ٹیکس کی ادائیگی کا جدید آن لائن کمپیوٹرائزڈ نظام متعارف کروا دیا گیا ہے۔
کمشنر ایکسائز کے مطابق اس نظام کے تحت گاڑیوں کی رجسٹریشن اور موٹر ٹیکس کی ادائیگی کیلئے مالکان کو ایکسائز دفاتر اور بینکوں کے چکر لگانے کے بجائے آن لائن ادائیگی کی سہولت دستیاب ہو گی ۔
یہ بھی پڑھیں: مشہور برینڈ نے حیران کن فیچرزوالی نئی گاڑی متعارف کرادی
جن گاڑیوں کا موٹر ٹیکس 30 جون 2026 تک ادا نہیں ہوا ہے ان کے مالکان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ 15 جنوری 2026 تک اپنے تمام بقایاجات ادا کر دیں۔
متذکرہ تاریخ کے بعد خود کار نظام کے تحت گاڑیوں کے مالکان کو اپنے بقایا جات پر جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن نظام کے ذریعے شہریوں کو ٹیکس ادائیگی کی رسید، گاڑیوں کا ریکارڈ اور دیگر سہولیات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی، جبکہ مستقبل میں اس نظام کو مزید بہتر بنا کر اسمارٹ کارڈ اور ڈیجیٹل تصدیق جیسی سہولیات بھی شامل کی جائیں گی۔
کمشنر ایکسائز کے مطابق یہ اقدام آزاد کشمیر میں ڈیجیٹل گورننس کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے نہ صرف حکومتی آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ شہریوں کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ہونڈانے گاڑیوں پر قسطوں کی پیشکش متعارف کرادی
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بروقت ٹیکس ادا کر کے قانونی ذمہ داری پوری کریں اور نئے نظام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔




