اسلام آباد: دوست ملک چین نے پاکستانی طلبا کے لیے سکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد طلبا کے لیے اعلیٰ تعلیم کے نئے دروازے کھل گئے ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے مطابق، چینی اور شنگھائی حکومت کی جانب سے فودان یونیورسٹی میں انٹرنیشنل ایلیٹ پائینئر پروگرام 2026 کے لیے پاکستانی طلبا سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق یہ پروگرام ماسٹرز اور پی ایچ ڈی سطح پر دستیاب ہوگا، جس کی خاص بات یہ ہے کہ تمام مضامین مکمل طور پر انگریزی زبان میں پڑھائے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی طلبا کو جدید اور معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
ماسٹرز پروگرامز میں فنانس، انٹرنیشنل بزنس، بگ ڈیٹا، سافٹ ویئر انجینئرنگ، چینی سیاست اور صحافت جیسے اہم اور جدید مضامین شامل ہیں۔ پی ایچ ڈی سطح پر فزکس، بایولوجی، ماحولیاتی سائنس، ریاضی، پبلک مینجمنٹ اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبہ جات میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی طلبا کے لیے خوشخبری، روس نے اسکالرشپس کی تعداد تین گنا بڑھا دی
سکالرشپ کے تحت منتخب طلبا کو مکمل ٹیوشن فیس میں چھوٹ، یونیورسٹی ہاسٹل میں مفت رہائش، ماہانہ وظیفہ اور طبی انشورنس فراہم کی جائے گی۔ ماسٹرز کے طلبا کو ماہانہ 3,000 چینی یوان جبکہ پی ایچ ڈی طلبا کو 3,500 چینی یوان تک وظیفہ دیا جائے گا۔
اہلیت کے معیار کے مطابق درخواست گزار کا غیر چینی شہری ہونا ضروری ہے۔ ماسٹرز کے لیے بیچلرز جبکہ پی ایچ ڈی کے لیے ماسٹرز ڈگری لازمی ہے۔ انگریزی زبان کی مہارت کے لیے آئی ای ایل ٹی ایس 6.5 یا مساوی اسناد درکار ہوں گی، تاہم وہ امیدوار جن کی سابقہ تعلیم انگریزی میں رہی ہو، اس شرط سے مستثنیٰ ہوں گے۔ پی ایچ ڈی امیدواروں کے لیے سپروائزر کی پیشگی رضامندی بھی لازمی ہے۔
ایچ ای سی کے مطابق درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 22 فروری 2026 ہے۔ امیدوار مزید تفصیلات ایچ ای سی کی ویب سائٹ سے حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ آن لائن درخواست فودان یونیورسٹی کے پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہے۔




